Monday , August 21 2017
Home / جرائم و حادثات / یوم عاشقان کے خلاف بجرنگ دل ‘ وی ایچ پی کا احتجاج

یوم عاشقان کے خلاف بجرنگ دل ‘ وی ایچ پی کا احتجاج

پولیس نے کئی کارکنوں کی گرفتاری ۔ تقریب منانے والے طلبا بھی حراست میں
حیدرآباد۔ 14 فروری (سیاست نیوز) شہر میں ویلنٹائن ڈے (یومِ عاشقان) منانے کے خلاف احتجاج کرنے والے کئی بجرنگ دَل اور وشوا ہندو پریشد (وی ایچ پی) کے کارکنوں کو حیدرآباد پولیس نے آج حراست میں لے لیا۔ پیراڈائز سرکل سکندرآباد کے قریب وی ایچ پی کارکنوں نے احتجاجی مظاہرہ کیا جس پر پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے 12 کارکنوں کو حراست میں لے لیا۔ دونوں شہروں میں منظم طور پر منعقد کئے گئے احتجاجی مظاہروں کے تحت علاقہ عابڈس میں بھی وی ایچ پی اور بجرنگ دل کے سرگرم کارکنوں کو عابڈس پولیس نے حراست میں لے لیا۔ واضح رہے کہ سنگھ پریوار کی محاذی تنظیموں نے نوجوان لڑکے لڑکیوں کو ویلنٹائن ڈے منانے کے خلاف انتباہ دیا تھا اور جوڑے کی شکل میں دکھائی دینے پر ان کی شادی کرانے کی دھمکی دی تھی۔ دونوں شہروں میں پولیس نے موثر بندوبست کیا تھا اور احتجاجی مظاہروں کو ناکام بناتے ہوئے وی ایچ پی کارکنوں کو حراست میں لے لیا۔ اسی طرح ویلنٹائن ڈے تقریب منانے اور کیک کاٹنے کی کوشش کرنے والے نوجوان طلبہ کو عثمانیہ یونیورسٹی کیمپس میں پولیس نے حراست میں لے لیا۔ ویلنٹائن ڈے کی تائید میں مظاہرے کرنے والے بائیں بازو جماعتوں اے آئی ایس ایف اور دیگر تنظیموں کے کارکنوں کو عثمانیہ یونیورسٹی پولیس نے احتیاطی گرفتاری کے تحت حراست میں لے لیا۔

TOPPOPULARRECENT