Saturday , August 19 2017
Home / کھیل کی خبریں / یونس خان بھی بین الاقوامی کرکٹ سے سبکدوش

یونس خان بھی بین الاقوامی کرکٹ سے سبکدوش

کراچی ۔8 اپریل (سیاست ڈاٹ کام )پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور ٹسٹ کرکٹ میں اپنے ملک کے لئے سب سے زیادہ رنز بنانے والے  یونس خان نے ویسٹ انڈیز کے خلاف ٹسٹ سیریز کے بعد بین الاقوامی کرکٹ سے سبکدوشی کا اعلان کردیا۔کراچی میں ایک پریس کانفرسن کے دوران یونس خان نے اپنے مداحوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ میں نے اپنی طرف سے اپنے ملک کی بہترین خدمت کرنے کی کوشش کی اور ویسٹ انڈیز کے خلاف سیریز میں میری آخری سیریز ہوگی جہاں میں اپنی ٹیم کی فتح کے لئے بہترین کوشش کروں گا۔سابق کپتان نے کہا کہ میں نے کوشش کی کہ آج میں کرکٹ چھوڑ کے جارہاہوں تو میرا سر بلند ہو، اور انسان ہر وقت فٹ نہیں رہتا اس لئے ہم سب کے لئے اور خاص کر یونس خان کے لئے بہتر ہوگا کہ وہ میدان چھوڑ دے۔سابق کپتان نے کہا کہ یہ فیصلہ سوچ سمجھ کر کیا اور انگلینڈ کے خلاف سیریز کے بعد ارادہ تھا لیکن میرے چند دوستوں نے روکا اور جس طرح میں اپنے اہل خانہ کے ساتھ آیا ہوں اس کی وجہ بھی یہی ہے۔انھوں نے کہا کہ جب جاوید میانداد کا سب سے زیادہ رنز کا ریکارڈ توڑا تھا تو اس وقت بھی کنارہ کشی کا سوچا تھا پھر 10 ہزار رنز بنانے کی طرف جانے کی بات کی گئی اس لیے جاری رکھا اور اب یہاں پر اعلان کرنے کا ایک مقصد یہی ہے کہ ٹور میں جاکر اعلان کروں تو پھر وہاں سے 11 ہزار یا 12 ہزار رنز بنانے کا سوچوں تاہم میری عمر ایسی نہیں ہے کہ میں مزید 5 سال کھیل سکوں اس لیے سبکدوشی کا یہ بہتر وقت ہے۔ سرفراز احمد کے پاس موقع ہے کہ وہ پاکستان کرکٹ کو آگے لے کر جائے اور میرے خیال میں اگر ایسی سوچ رکھی جائے تو یونس خان یا کسی اور کھلاڑی کے جانے سے کوئی فرق نہیں پڑے گا۔یونس خان نے اپنی قیادت میں پاکستان کو 2009 میں ٹی ٹوئنٹی کا عالمی چمپیئن بنایا جو 1992 کے ورلڈکپ میں فتح کے بعد پاکستان کرکٹ کا سب سے بڑا اعزاز تھا جس کے بعد انھوں نے ٹی ٹوئنٹی سے کنارہ کشی کا اعلان کیا تھا۔یونس خان نے پاکستان کی جانب سے ٹسٹ کرکٹ میں سب سے زیادہ رنزبنانے کا جاوید میانداد کا ریکارڈ بھی اپنے نام کیا۔

TOPPOPULARRECENT