Tuesday , October 17 2017
Home / کھیل کی خبریں / یونس خان کا دعوت نامہ غلط پتے پر چلا گیا!

یونس خان کا دعوت نامہ غلط پتے پر چلا گیا!

لاہور ، 24 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے یونس خان کیلئے پاکستان سوپر لیگ (پی سی بی) کی تقریب رونمائی کا دعوت نامہ کراچی کے بجائے مردان کے گھر بھجوادیا تھا جس کے باعث مایہ ناز بلے باز تقریب میں شرکت نہیں کرسکے تھے۔ خیال رہے کہ دعوت نامہ نہ ملنے کے بعد یونس خان نے میڈیا کے سامنے ناراضگی کا اظہار کیا تھا جس پر پی سی بی نے تجربہ کار بلے باز کے خلاف تادیبی کارروائی کا عندیہ دیا تھا۔ تاہم ذرائع ابلاغ کے حوالے سے بتایا گیا کہ بورڈ کے ایک عہدہ دار سے گلے شکوے کے بعد یونس خان معاملہ ختم کرنے پر رضامند ہوگئے ہیں۔ ذرائع کے مطابق پی سی بی حکام نے یونس خان کو دعوت نامہ بھجوانے کے معاملے کی چھان بین کی جس کے بعد یہ انکشاف ہوا کہ دعوت نامہ کراچی کے بجائے ان کے مردان والے پتے پر بھجوایا گیا۔ بعدازاں اعلیٰ پی سی بی افسر نے یونس خان کو فون کرکے معاملے کے حوالے سے آگاہ کیا جس کے بعد معاملات طے پاگئے۔ یونس خان نے ونڈے ٹیم سے ڈراپ کئے جانے اور پاکستان سوپر لیگ کی تقریب میں عدم شرکت کے بعد بورڈ حکام کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا تھا۔ یونس خان نے ایک ٹی وی انٹرویو میں کہا تھا: ’’ اگر میں منتخب نہ ہوا تو ونڈے ٹیم کھڑی نہیں ہوسکے گی‘‘۔

TOPPOPULARRECENT