Wednesday , September 20 2017
Home / کھیل کی خبریں / یونس کا پاکستانی کرکٹ میں کوئی ثانی نہیں: اظہر الدین

یونس کا پاکستانی کرکٹ میں کوئی ثانی نہیں: اظہر الدین

نئی دہلی ۔16 مئی (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستان کے سابق کپتان محمد اظہر الدین نے  پاکستانی بیٹسمین یونس خان کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ یونس کی پاکستان کرکٹ کیلئے خدمات بے مثال ہیں۔ٹسٹ کرکٹ میں پاکستان کی جانب سے سب سے زیادہ 10099رنز بنانے والے یونس خان ویسٹ انڈیز کے خلاف سیریز کے اختتام کے ساتھ ہی سبکدوش ہو گئے ہیں۔اظہر نے کہا کہ 10ہزار رنز بنانا آسان کام نہیں، یونس ایک عظیم کھلاڑی ہیں ۔ انہوں نے تقریباً 40 سال کی عمر میں بھی خود کو فٹ رکھا۔اظہر نے ایک خصوصی ویڈیو انٹرویو میں کہا کہ پاکستان کی جانب سے سب سے زیادہ 34 ٹسٹ سنچریاں بنانے والے یونس کی وکٹوں کے درمیان دوڑ اور طویل عرصے تک کھیلنے میں کوئی ثانی نہیں۔ پاکستان کرکٹ کیلئے ان کی خدمات ناقابل فراموش ہیں۔ہندوستان کیلئے 99 ٹسٹ اور 334 ونڈے میچز کھیلنے والے سابق کپتان نے مزید کہا کہ یونس صرف ایک بہترین بیٹسمین ہی نہیں بلکہ ایک اچھے انسان بھی ہیں جو سب سے اہم ہے۔ ایک کرکٹر کی حیثیت سے آپ پانچ، دس یا 15 سال تک کھیل سکتے ہیں لیکن کرکٹر کی حیثیت سے زندگی ختم ہونے کے بعد آپ کو اسی بنیاد پر یاد رکھا جائے گا کہ آپ کتنے اچھے انسان ہیں۔ اظہر نے اس موقع پر یونس کی مزید تعریف کرتے ہوئے انہیں جاوید میانداد اور ظہیر عباس جیسے عظیم پاکستانی کھلاڑیوں کی صف میں شامل کرتے ہوئے پاکستان کرکٹ کا اثاثہ قرار دیا۔

TOPPOPULARRECENT