Monday , August 21 2017
Home / کھیل کی خبریں / یونس کے آئی سی سی رینک میں بہتری، اشوین بدستور نمبر 1

یونس کے آئی سی سی رینک میں بہتری، اشوین بدستور نمبر 1

دبئی ، 9 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان کرکٹ ٹیم کے تجربہ کار بیٹسمن یونس خان اور فاسٹ بولر وہاب ریاض اپنی ٹیم کو آسٹریلیا کے خلاف وائٹ واش سے نہ بچا سکے لیکن درجہ بندی میں اپنی پوزیشن بہتر بنالی ہے۔ آسٹریلیا نے سڈنی کرکٹ گراؤنڈ میں کھیلے گئے سیریز کے آخری میچ میں پاکستان کو 220 رنز سے شکست دے کراپنی سرزمین میں قومی ٹیم کو مسلسل چوتھا وائٹ واش کیا تھا۔ یونس خان نے سڈنی ٹسٹ کی پہلی اننگز میں آؤٹ ہوئے بغیر 175 رنز کی اننگز کھیل کر ٹسٹ کھیلنے والے تمام ممالک کی سرزمین سنچری بنانے والے پہلے بلے باز بننے کا ریکارڈ بنایا تھا۔ آئی سی سی کی جانب سے آسٹریلیا کے خلاف سیریز کے دوسرے ٹسٹ کے بعد جاری کی گئی درجہ بندی میں یونس خان کی تنزلی ہوئی تھی اور وہ 14 ویں نمبر پر چلے گئے تھے جبکہ آخری ٹسٹ کے بعد وہ دس درجے ترقی پاکر اظہرعلی کے بعد ساتویں نمبر پر آگئے ہیں جبکہ پاکستان ٹیم بدترین کارکردگی کے باعث تیسرے سے پانچویں نمبر پر جاچکی ہے۔ آئی سی سی کی جانب سے جاری کردہ فہرست کے مطابق آسٹریلیا کے کپتان اسٹیو اسمتھ بدستور پہلے، ہندوستانی کپتان ویراٹ کوہلی دوسرے، انگلینڈ کے جوروٹ تیسرے، نیوزی لینڈ کے کپتان کین ولیمسن چوتھے اور آسٹریلیا کے ڈیوڈ وارنر پانچویں نمبر پر موجود ہیں۔ اظہرعلی نے آسٹریلیا کے خلاف سیریز میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے کیریئر کی بہترین چھٹی پوزیشن حاصل کی تھی جو آخری ٹسٹ کے بعد بھی برقرار ہے۔ بلے بازوں کی درجہ بندی میں جنوبی افریقہ کے اے بی ڈی ولیئرز اور ہاشم آملہ کی تنزلی ہوئی ہے اور وہ بالترتیب نویں اور دسویں نمبر پر موجود ہیں جبکہ کوئنٹن ڈی کوک آٹھویں پوزیشن پر براجمان ہیں۔ آسٹریلیا کے عثمان خواجہ ترقی کرکے گیارھویں نمبر پر آگئے ہیں جبکہ مصباح الحق 25 ویں نمبر پر موجود ہیں، اسد شفیق کا نمبر 23 اور سرفراز کا نمبر 24 ہے۔ دوسری جانب باؤلنگ کی درجہ بندی میں پاکستان کا کوئی بولرسرفہرست دس بولرز میں شامل نہیں لیکن وہاب ریاض 5 درجے ترقی کے بعد 20 ویں نمبر پرآگئے ہیں۔ آسٹریلیا کے جوش ہیزل ووڈ کی ترقی ہوئی ہے اور وہ پانچویں سے تیسرے نمبر پر آگئے ہیں، سری لنکا کے رنگنا ہیراتھ تیسرے سے چوتھے، جنوبی افریقہ کے ڈیل اسٹین چوتھے سے پانچویں نمبر پر چلے گئے ہیں۔ ہندوستان کے روی چندرن اشوین اور رویندر جڈیجا بدستور پہلی اوردوسری پوزیشن پر موجود ہیں۔ یاسر شاہ مزید تنزلی کے ساتھ 17 ویں نمبر پر جاچکے ہیں، راحت علی 33 ویں، ذوالفقار بابر38، عمران خان 47، سہیل خان 50 اورمحمد عامر 56 ویں نمبر پر موجود ہیں۔

TOPPOPULARRECENT