Saturday , August 19 2017
Home / Top Stories / یوپی میں معلق اسمبلی کا امکان، پنجاب میں سخت مسابقت : اگزٹ پولس

یوپی میں معلق اسمبلی کا امکان، پنجاب میں سخت مسابقت : اگزٹ پولس

منی پور میں کانگریس کے امکانات، پنجاب میں عام آدمی پارٹی کو اقتدار متوقع، مختلف سروے رپورٹ، گوا اور اتراکھنڈ میں بی جے پی کو سبقت، نوٹ بندی کے بعد وزیراعظم مودی پر ریفرنڈم

نئی دہلی 9 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) ملک کی 5 ریاستوں اترپردیش، پنجاب، گوا ، اتراکھنڈ اور منی پور میں ہوئے اسمبلی انتخابات کے نتائج کا 11 مارچ کو اعلان ہوگا، اس سے قبل مختلف اگزٹ پولس میں مختلف پارٹیوں کو کامیاب بتایا گیا ہے۔ اروند کجریوال کی عام آدمی پارٹی سب سے بڑی قومی سیاسی پارٹی بن کر اُبھر رہی ہے تو راہول گاندھی کانگریس کو سہارا دینے میں کامیاب ہوسکتے ہیں۔ وزیراعظم نریندر مودی کی نوٹ بندی کی پالیسی کے بعد یہ انتخابی نتائج ان کے حق میں ریفرنڈم ثابت ہوں گے لیکن اگزٹ پولس پر اب ماضی کی طرح اعتبار نہیں رہا۔ عالمی سطح پر امریکی انتخابات ہوں یا یوروپی یونین سے برطانیہ کی علیحدگی اِن تمام پر کئے گئے اگزٹ پولس غلط ثابت ہوئے ہیں۔ ہندوستان کی ان پانچ ریاستوں کے اگزٹ پولس بھی غلط ثابت ہوسکتے ہیں۔ ماضی میں بھی ٹاملناڈو اور بہار سے متعلق اگزٹ پولس غلط ثابت ہوئے ہیں۔ آج جاری کردہ اگزٹ پولس کے مطابق اترپردیش میں بی جے پی کو اقتدار حاصل ہورہا ہے جہاں اُسے 403 نشستوں کے منجملہ 192 تا 210 نشستوں پر کامیابی مل رہی ہے جبکہ سماج وادی پارٹی ۔ کانگریس اتحاد کے حق میں 110 تا 130 نشستیں اور بہوجن سماج پارٹی کو 57 تا 74 نشستیں ملیں گی۔ پنجاب میں کانگریس کو اقتدار حاصل ہونے کی ایک سروے میں پیش قیاسی کی گئی جبکہ دوسرے سروے میں عام آدمی پارٹی کو اقتدار حاصل ہونے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ ایک اور سروے کے بموجب کانگریس اور عآپ میں سخت مسابقت ہے۔ پنجاب میں کانگریس کو 40 تا 45 نشستوں پر کامیابی ملے گی۔ عام آدمی پارٹی کو 60 تا 63 اور شرومنی اکالی دل اور بی جے پی 9 پر ہی سکڑ کر رہ جائے گی۔ ایک اور سروے میں پنجاب میں کانگریس کو 55 اور عام آدمی پارٹی کو 55 ، دیگر کو صفر بتایا گیا ہے۔ منی پور میں سی ووٹر اگزٹ پول کے مطابق بی جے پی کو 25 تا 30 ، کانگریس کو 17 تا 23 اور دیگر کو 9 تا 15 نشستیں ملیں گی۔ اتراکھنڈ میں سی ووٹر اگزٹ پول کے مطابق بی جے پی 15 تا 21 ، کانگریس 12 تا 18 ، عام آدمی پارٹی 4 اور دیگر کو 2 تا 8 نشستیں ملیں گی۔ جبکہ ایک اور سروے میں اتراکھنڈ میں بی جے پی کے لئے 28 تا 32 اور کانگریس کے لئے 30 تا 32 اور دیگر کو 6 نشستیں ملنے کا اشارہ دیا گیا ہے۔ گوا کی 40 اسمبلی حلقوں میں بی جے پی 15 ، کانگریس 14 ، عام آدمی پارٹی کو 2 اور دیگر کو 9 نشستیں مل رہی ہیں۔ ایک اور سروے میں بی جے پی کو 21 ، کانگریس کو 9 ، عام آدمی پارٹی کو 3 اور دیگر کو 7 نشستیں ملنے کا اشارہ دیا گیا ہے۔ اترپردیش میں وزیراعظم نریندر مودی نے زبردست انتخابی مہم چلائی۔ خاص کر وارناسی میں تین دن تک بی جے پی قائدین نے کیمپ کیاتھا۔

TOPPOPULARRECENT