Tuesday , July 25 2017
Home / سیاسیات / یوپی میں مودی پر تنقیدیں نامناسب : امرسنگھ

یوپی میں مودی پر تنقیدیں نامناسب : امرسنگھ

نئی دہلی ۔ 9 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) سماج وادی پارٹی کے برطرف لیڈر امر سنگھ نے یوپی انتخابی مہم کے دوران وزیراعظم نریندر مودی کے خلاف چیف منسٹر اکھیلیش یادو اور دیگر قائدین کی تنقیدوں کو نامناسب قرار دیا۔ کانگریس صدر سونیا گاندھی کے ’’موت کا سوداگر‘‘ ریمارک کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ تبصرہ پارٹی کیلئے کافی مہنگا ثابت ہوا تھا۔ واضح رہیکہ سونیا گاندھی نے گجرات انتخابات کی مہم کے دوران یہ تبصرہ کیا تھا۔ امر سنگھ نے کہا کہ اترپردیش میں بعض قائدین نے جس طرح کے شخصی ریمارکس کئے ہیں اس سے انتخابی مہم کا وقار متاثر ہوا ہے۔ سماج وادی پارٹی اور کانگریس کے سرکردہ قائدین جیسے راہول گاندھی اور اکھیلیش یادو نے نریندر مودی کو اترپردیش میں ایک بیرونی شخص قرار دیا تھا۔ امرسنگھ نے پارلیمنٹ کے باہر میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ نریندر مودی نے گجرات کو چھوڑ کر اترپردیش سے انتخابی مقابلہ کا فیصلہ کیا۔ اگر علاقائی قائدین علاقائی مسائل اٹھائیں تو یہ ٹھیک ہے لیکن قومی قائدین کی جانب سے جب اس طرح کے مسائل اٹھائے جائیں تو پھر یہ تشویشناک بات ہوگی۔ امرسنگھ کو دو مرتبہ سماج وادی پارٹی سے برطرف کیا جاچکا ہے۔ انہوں نے آر جے ڈی لیڈر لالو پرساد یادو کو بھی مودی کے خلاف ریمارکس پر تنقیدوں کا نشانہ بنایا۔ انہوں نے کہا کہ لالو پرساد نے یہ تبصرہ کیا کہ نریندر مودی کے ہیلی کاپٹرس انتخابی مہم کے دوران کوے اور گدھ کی طرح آسمان پر منڈلا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ لالو پرساد کو یاد رکھنا چاہئے کہ سپریم کورٹ کے حکم کے مطابق وہ انتخابی مقابلہ کرنے کے حق سے محروم ہوگئے ہیں۔

Leave a Reply

TOPPOPULARRECENT