Thursday , August 17 2017
Home / Top Stories / یوگی ادتیہ ناتھ کی تنظیم کے رکن نے کار سے گائے کے بچھڑے کو روندڈالا

یوگی ادتیہ ناتھ کی تنظیم کے رکن نے کار سے گائے کے بچھڑے کو روندڈالا

لکھنؤ ۔ 7 اپریل (سیاست ڈاٹ کام)چیف منسٹر اترپردیش ادتیہ ناتھ یوگی کی تنظیم ہندو یووا واہنی کے رکن سے تعلق رکھنے والی ایک کار نے مبینہ طور پر گائے کے بچھڑے کو روند ڈالا۔ کار نے بچھڑے کو ٹکر دے کر 20 میٹر تک گھسیٹ کر لے گئی۔ یہ واقعہ چہارشنبہ کے دن لکھنؤ کے علاقہ جانکی پورم کی بستی نیوڈا میں پیش آیا۔ ہندو یووا واہنی چیف منسٹر یوپی یوگی ادتیہ ناتھ کی سماجی تنظیم ہے اور یہ تنظیم گاؤ رکھشک کیلئے قائم کی گئی ہے لیکن اسی گاؤ رکھشک کے رکن نے گائے کے بچھڑے کو بیدردی سے روند ڈالا۔ ہندو یووا واہنی کے ضلع کنوینر اکھنڈ پرتاپ سنگھ کی یہ کار جانکی پورم علاقہ سے گذر رہی تھی۔ یہاں رہنے والے ایک شہری نے پولیس سے شکایت کی کہ اس کار نے ان کے بچھڑے کو ٹکر دی ہے۔ کار میں سوار لوگ نشہ میں دھت تھے۔ ڈرائیور نے کار تیزی سے چلاتے ہوئے بچھڑے کو ٹکر دے دی جو یہاں ایک شراب کی دکان کے قریب ٹہرا ہوا تھا۔ مقامی  افراد نے اس واقعہ پر احتجاج کیا اور فوری کار کو روک دیا۔ اس کے بعد کار میں بیٹھے ہوئے تمام لوگ فرار ہوگئے۔ پولیس نے 279 (لاپرواہی سے کار چلانا اور 429 بچھڑے کو ہلاک یا زخمی کرنا) کے دفعات کے تحت کیس درج کیا ہے۔ جانکی پورم پولیس اسٹیشن کے عہدیدار ستیش کمار نے کہا کہ کار کو ضبط کرلیا گیا ہے۔

TOPPOPULARRECENT