Wednesday , August 16 2017
Home / کھیل کی خبریں / یو ایس اوپن کی انعامی رقم میں ریکارڈ اضافہ

یو ایس اوپن کی انعامی رقم میں ریکارڈ اضافہ

نیویارک۔20 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) سال کے آخری گرانڈ سلام یو ایس اوپن 2017 کی انعامی رقم میں نو فیصد اضافہ کردیا گیا ہے اور اس سال مجموعی طور پر ایونٹ میں 50ملین ڈالرس کی انعامی رقم دی جائے گی۔مرد اور خواتین کے سنگلز مقابلوں کے فاتح کو فی کس 3.7 ملین ڈالرز دیے جائیں گے جبکہ رنر اپ کو فی کس 1.825ملین ڈالرز دیے جائیں گے۔علاوہ ازیں ڈبلز مقابلوں کے فاتح کو چھ لاکھ 75ہزار ڈالر کی رقم دی جائے گی جو اب تک کی یو ایس اوپن کے ڈبلز مقابلوں کی سب سے بڑی انعامی رقم ہے۔کوالیفائنگ ٹورنامنٹ کے مقابلوں کی رقم میں 49.2فیصد کا اضافہ کیا گیا ہے اور اس طرح 2.9ملین ڈالرز انعام کے طور پر دیے جائیں گے۔امریکی ٹینس اسوسی ایشن کی صدر کترینہ ایڈمز نے اپنے بیان میں کہا کہ پانچ سال قبل ہم نے کھلاڑیوں سے وعدہ کیا تھا کہ کھلاڑیوں کی انعامی رقم 50 ملین ڈالر تک پہنچ جائے گی اور اب ہم اس وعدے کو پورا کر رہے ہیں۔بیان میں مزید کہا گیا کہ کھلاڑیوں کی انعامی رقم میں اضافے کے ساتھ ساتھ ڈائننگ، کھیلنے اور پریکٹس کی سہولیات سمیت دیگر کئی اضافی مراعات بھی بہترین طریقے سے پیش کی جائیں گی کیونکہ ہمارا مقصد کھلاڑیوں اور شائقین کیلئے یو ایس اوپن کے تجربے کو عالمی معیار کا تجربہ بنانا ہے۔یو ایس اوپن کا آغاز نیو یارک میں 28 اگست کو ہو گا اور یہ ایونٹ دس ستمبر تک جاری رہے گا جہاں سوئٹزلینڈ کے اسٹانسلس واؤرینکا اپنے خطاب کا دفاع کریں گے کیونکہ انہوں نے 2016 کے فائنل میں 4 سٹوں پر مشتمل مقابلے میں سربیائی ٹینس اسٹار نواک جوکووچ کو شکست دی تھی۔

TOPPOPULARRECENT