Saturday , October 21 2017
Home / سیاسیات / یو پی اسمبلی چناؤ کیلئے بی جے پی کی تیاری ، 14 اپریل کو مہم کا آغاز

یو پی اسمبلی چناؤ کیلئے بی جے پی کی تیاری ، 14 اپریل کو مہم کا آغاز

لکھنؤ ۔ 11 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) اترپردیش میں آئندہ سال کی اسمبلی انتخابات کی تیاری کرتے ہوئے بی جے پی نے ووٹروں تک رسائی کی زبردست مہم شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے، جس میں ریاست کے 52,000 پنچایتوں کا احاطہ کیا جائے گا جو دیہی علاقوں میں پارٹی کا وجود مضبوط بنانے اور دلتوں اور دیگر پسماندہ طبقات میں اپنا اثر قائم کرنے کی سعی ہے۔ بی جے پی ترجمان وجئے بہادر پاٹھک نے نیوز ایجنسی ’پی ٹی آئی‘ کو بتایا کہ گرام سوراج ابھیان 14 اپریل کو شروع کیا جائے گا اور یہ مہم 24 اپریل تک چلے گی، جس روز وزیراعظم نریندر مودی کی تقریر تمام 52,000 گرام پنچایتوں میں براہ راست نشر کی جائے گی۔ بی جے پی نے او بی سی لیڈر کیشو پرساد موریا کو اسٹریٹ یونٹ کا سربراہ مقرر کرتے ہوئے پہلے ہی طاقتور پیام بھیجا ہے۔ اس مہم کے دوران مودی حکومت کے کارہائے نمایاں کو مرکزی بجٹ کی نمایاں خصوصیات کے ساتھ اجاگر کیا جائے گا۔ بابا صاحب بھیم راؤ امبیڈکر کے یوم پیدائش 14 اپریل سے لیکر 16 اپریل تک ’سمرستا‘ پروگرام بھی منعقد کیا جائے گا۔ پاٹھک نے کہا کہ سینئر پارٹی عہدیداروں کی فہرست ترتیب دی جائے گی تاکہ یقینی ہوجائے کہ وہ فی کس کم از کم 10 گرام پنچایتوں کو جائیں۔ اس مہم سے قبل پارٹی ضلع سطح کی میٹنگس اور پرچم کشائی کے پروگراموں کو منعقدکرنے کا منصوبہ رکھتی ہے۔ 17 تا 24 اپریل کے دوران پارٹی کے ضلع صدور اور انچارجس کی جانب سے گرام سبھاؤں کا اہتمام کیا جائے گا۔ پاٹھک نے بتایا کہ 24 اپریل جو اس مہم کا آخری دن رہے گا، پنچایت دیوس کے طور پر منایا جائے گا اور اس موقع پر پارٹی کے سینئر عہدیدار اور نمائندے منتخب دیہاتوں میں صبح 11 بجے تا دوپہر 12 بجے کے درمیان گرام پنچایت منعقد کریں گے اور ہر گاؤں کے چوپال میں وزیراعظم کی تقریر کے راست نشریہ کو یقینی بنائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی کو ہدایت دی گئی ہیکہ اس پروگرام کے تعلق سے تمام ایم پیز، ایم ایل ایز اور سابقہ منتخب نمائندوں کو پیشگی واقف کرادیا جائے۔ انہوں نے بتایا کہ اسٹیٹ پارٹی آفس سے تمام پارٹی عہدیداروں کیلئے کتابچہ فراہم کئے جائیں گے تاکہ وہ پوری تیاری کے ساتھ پروگرام میں شریک ہوسکیں۔ ایسے گرام پنچایتوں پر خصوصی توجہ دی جائے گی جہاں پارٹی نے گذشتہ اسمبلی الیکشن میں اچھا مظاہرہ نہیں کیا تھا۔ 2014ء کے لوک سبھا انتخابات میں بی جے پی نے اس ریاست میں 80 نشستوں کی منجملہ 73 سیٹیں جیت لئے جن میں اس کی حلیف پارٹی کو ملنے والی دو نشستیں شامل ہیں۔

TOPPOPULARRECENT