Saturday , September 23 2017
Home / سیاسیات / یو پی میں بی جے پی وزارت اعلی امیدوار کا اعلان نہیں کریگی

یو پی میں بی جے پی وزارت اعلی امیدوار کا اعلان نہیں کریگی

بی ایس پی سربراہ مایاوتی کا ذہنی توازن متاثر ۔ بی جے پی ریاستی صدر کیشو پرساد موریہ کا ادعا

بریلی / بدایون 17 اکٹوبر ( سیاست ڈاٹ کام ) اترپردیش اسمبلی انتخابات کیلئے بی جے پی کسی وزارت اعلی امیدوار کو پیش نہیں کریگی جو آئندہ چند ماہ میں ہونے والے ہیں۔ بی جے پی کی ریاستی یونٹ کے سربراہ کیشو پرساد موریہ نے یہ بات بتائی ۔ انہوں نے کہا کہ تمام سیاسی جماعتیں بی جے پی کے وزارت اعلی امیدوار کے اعلان کا انتظار کر ہی ہیں۔ یہ ہماری پارٹی کی واضح پالیسی رہی ہے کہ ہم اسمبلی انتخابات کسی کو بھی ہمارے چیف منسٹر کے امیدوار کے طور پر پیش کئے بغیر مقابلہ کرتے ہیں۔ انہوں نے بریلی میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے یہ بات کہی ۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی نے آسام میں اور دہلی اسمبلی انتخابات میں وزارت اعلی امیدوار پیش کیا تھا ۔ آسام میں ہمیں کامیابی ملی جبکہ دہلی میں شکست ہوگئی ۔ ہم نے ہریانہ اور جھارکھنڈ میں وزارت اعلی امیدوار کے بغیر مقابلہ کیا اور ہم کامیاب رہے ۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی کو اترپردیش کی 403 اسمبلی نشستوں میں 300 سے زائد نشستوں پر کامیابی کا یقین ہے اور پارٹی کے مرکزی پارلیمانی بورڈ کی جانب سے فیصلہ کیا جائیگا کہ چیف منسٹر کون ہوگا۔ قبل ازیں بدایون میں مسٹر موریا نے بی ایس پی سربراہ مایاوتی پر مذہبی قائدین کی ہتک کرنے کا الزام عائد کیا اور کہا کہ اس کیلئے رائے دہندے انہیں مجوزہ انتخابات میں انہیں سبق سکھائیں گے ۔ کانپور میں گذشتہ ہفتے منعقدہ دھما چیتنا یاترا میں بدھ راہبوں کے بھیس میں بی جے پی و آر ایس ایس کارکن موجود رہنے بی ایس پی سربراہ کے الزام کا حوالہ دیتے ہوئے موریہ نے کہا کہ ایسا لگتا ہے کہ مایاوتی کا ذہنی توازن قدرے بگڑ گیا ہے کیونکہ خودا ن کی پارٹی کے کئی کارکن انہیں چھوڑ چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایسا بیان جاری کرتے ہوئے مایاوتی نے مذہبی قائدین کی ہتک کی ہے جس کیلئے مجوزہ انتخابات میں رائے دہندے انہیں سبق سکھائیں گے ۔ بدایون میں اعظم خان پر درج غداری کے مقدمہ کے تعلق سے سوال پر انہوں نے کہا کہ صرف بی جے پی حکومت انہیں ایسے مقدمہ میں گرفتا رکرسکتی ہے ۔ انہوں نے پاکستان کو خبردار کیا کہ وہ مخالف ہند سرگرمیوں سے باز آجائے ورنہ بہت جلد اسلام آباد پر ترنگا پرچم لہرادیا جائیگا ۔

Top Stories

TOPPOPULARRECENT