Saturday , September 23 2017
Home / Top Stories / یو پی میں سیلاب 69ہلاک‘20لاکھ بے گھر

یو پی میں سیلاب 69ہلاک‘20لاکھ بے گھر

دو لڑکیاں تالاب میں غرق‘ آدتیہ ناتھ صیانتی محکموں کے باقاعدہ اجلاس کے خواہاں
لکھنو۔20اگست ( سیاست ڈاٹ کام ) سیلاب سے متعلق تازہ واقعات میں پوری ریاست اترپردیش میں ہلاکتوں کی جملہ تعداد 69ہوگئی ‘ جبکہ تقریباً 20لاکھ افراد بے گھر ہیں ۔ 39783 افراد راحت رسانی کیمپوں میں ہیں ۔ نیپال سے دریاؤں میں پانی کی آمد اور موسلادھار بارش یو پی میں سیلاب کی وجہ ہے ۔ دریائے راپتی ‘ شاردا اور بوڑھی راپتی خطرہ کے نشان سے اوپر بہہ رہی ہیں ۔ متھروا سے موصولہ اطلاع کے بموجب دو نابالغ لڑکیاں دیہات داتانا ایک تالاب میں نہانے کے دوران غرق ہوگئیں ۔ دونوں کی نعشیں دستیاب ہونے کے بعد پولیس نے انہیں پوسٹ مارٹم کیلئے روانہ کردیا ۔ چیف منسٹر یوگی آدتیہ ناتھ نے این آئی اے اور ریاستی محکموں کے درمیان بہتر تال میل کیلئے ہر چھ ماہ میں ریاستی محکموں اور مرکزی محکمہ تحقیقات کے درمیان باقاعدہ اجلاسوں اور معلومات کے باہم تبادلہ کی ضرورت پر زور دیا ۔ وہ این آئی اے کے دفتر کے افتتاح کے بعد حاضرین سے خطاب کررہے تھے ۔ انہوں نے کہا کہ انہیں خوشی ہے کہ این آئی اے نے لکھنو میں علاقائی دفتر اور رہائشی مکان قائم کئے ہیں ۔انہوں نے امید ظاہر کی کہ مرکزی وزیر داخلہ راجناتھ سنگھ مزید تین ریاستوں مدھیہ پردیش ‘ بہار اور اتراکھنڈ کا بھی اسی طرح احاطہ کریں گے ۔ انہوں نے این آئی اے کی کارکردگی کی ستائش کی اور کہا کہ ریاستی صیانتی محکموں کو کارکرد بنانے کیلئے ایک انسداد دہشت گردی اسکواڈ جدید سہولتوں اور کارکردگی کے طریقوں کے ساتھ قائم کیا جارہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ وہ اس کو مستحکم کریں گے اور اسے عصری ٹکنالوجی سے آراستہ کریں گے ۔ علاوہ ازیں خطرناک کارروائیوں ‘ دہشت گردی اور جرائم کے انسداد کیلئے حکومت یو پی انسداد دہشت گردی اسکواڈ ( اے ٹی ایس ) کو خصوصی ہتھیاروں اور حکمت عملی ( ایس ڈبلیو اے ٹی) کے استعمال کی تربیت دے گی جو ضلع پولیس فراہم کرے گی۔

TOPPOPULARRECENT