Friday , September 22 2017
Home / سیاسیات / یو پی چناؤ میں آر جے ڈی مقابلہ نہیں کرے گی: لالو پرساد

یو پی چناؤ میں آر جے ڈی مقابلہ نہیں کرے گی: لالو پرساد

گوپال گنج (بہار)، 26 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) صدر آرجے ڈی لالو پرساد نے آج کہا کہ اُن کی پارٹی 2017ء کے اترپردیش اسمبلی الیکشن میں کوئی امیدوار کھڑا نہیں کرے گی اور ’’سکیولر‘‘ قوتوں کے حق میں کام کرے گی۔ انھوں نے یہاں اپنے آبائی ضلع میں میڈیا والوں کو بتایا کہ آر جے ڈی آنے والے یو پی انتخابات میں مقابلہ نہیں کرے گی۔ آر جے ڈی سربراہ نے کہا کہ اُن کی پارٹی کا اصل مقصد بی جے پی اور آر ایس ایس زیرقیادت فرقہ پرست قوتوں کو شکست دینا ہے۔ ’’میری پارٹی یو پی چناؤ میں سکیولر قوتوں کے حق میں کام کرے گی۔‘‘ یہ پوچھنے پر آیا وہ اترپردیش میں برسراقتدار سماجوادی پارٹی کی اعانت کرے گی، لالو نے کہا کہ ایس پی سربراہ ملائم سنگھ یادو میرے ’سمدھی‘ ہیں اور میں بلاشبہ اُن پر خاص توجہ رکھوں گا۔ جہاں لالو نے اعلان کردیا کہ اُن کی پارٹی یو پی چناؤ سے دور رہے گی، وہیں بہار کے عظیم سکیولر اتحاد میں اُن کی بڑی حلیف جے ڈی (یو) شمالی ریاست میں سرگرم معلوم ہوتی ہے۔ چیف منسٹر بہار نتیش کمار جو قومی صدر جے ڈی (یو) بھی ہیں، وہ آج لکھنو گئے ہیں تاکہ آر کے چودھری کی بہوجن سماج سوابھیمان سنگھرش سمیتی کے زیراہتمام چھترپتی ساہوجی مہاراج کی یوم پیدائش تقریب میں شرکت کی جائے۔ آر کے چودھری کبھی بی ایس پی سربراہ مایاوتی کے مددگار تھے مگر اب حریف ہیں۔

TOPPOPULARRECENT