Thursday , September 21 2017
Home / بچوں کا صفحہ / یہ نصیحت یادرکھیں

یہ نصیحت یادرکھیں

شیر اور اس کا بچہ ساتھ ساتھ رہتے تھے، دونوں بہت خوش تھے، جنگل میں امن ہی امن تھا۔ ایک دن کا قصہ ہے جب شیر اور اس کا بچہ سورے تھے کہ چیخنے کی ایک زوردار آواز سنائی دی۔ اس آواز سے شیر کا بچہ اُٹھ گیا اور ادھر اُدھر دیکھنے لگا کہ آخر جنگل میں یہ چیخ کی آوازکس کی ہے۔ ادھر اُدھر دیکھتے دیکھتے وہ اپنے گھر سے کافی دور آگیا تھا۔ اس نے بہت ڈھونڈا مگر کچھ سمجھ نہ آیا تبھی شیر کے بچے کو ایک اور چیخ سنائی دی۔
اب شیر کا بچہ گھبرا گیا ۔ اسے سمجھ نہیں آرہا تھا کہ یہ چیخ کی آواز کس جانور کی ہے ؟ اور وہ کیوں ایسے چیخ رہا ہے مگر وقفے وقفے سے یہ آواز آرہی تھی، جب کچھ سمجھ نہ آیا تو اس نے سوچا کہ یوں اکیلے گھومنا ٹھیک نہیں، اب واپس گھر چلنا چاہئے۔ مگرجب شیر کا بچہ گھر پہنچا تو اسے اپنی ماں وہاں نظر نہیں آئی۔ ہوا یہ کہ جب شیرنی کی آنکھ کھلی تو اس نے دیکھا کہ اس کا بچہ اس کے  پاس نہیں ہے۔ پھر اس نے چیخ کی آواز سنی تو وہ گھبرا گئی اور اُٹھ کر یہاں وہاں اپنے بچے کو تلاش کرنے لگی۔ اب ایک طرف شیر کا بچہ اپنی ماں کو ڈھونڈ رہا تھا اور دوسری طرف اس کی ماں اپنے بچے کو ڈھونڈ رہی تھی۔ یعنی دونوں ایک دوسرے کو ڈھونڈ رہے تھے۔ پھر شیر کے بچے نے کہا کہ ایک کام کرتا ہوں، یہیں گھر پر انتظار کرتا ہوں ، ماں خود آجائے گی۔ واقعی تھوڑی دیر بعد اس کی ماں وہاں پر آگئی۔ اس نے پوچھا کہ کہاں چلے گئے تھے تم ، شیر کے بچے نے اپنی ماں کو پوری کہانی بتائی پھر اس کی ماں نے اسے سمجھایا کہ بیٹا مجھے بتائے بغیر کہیں مت جایا کرو۔ اچھے بچے بلا اجازت کہیں نہیں جاتے۔ اگر آپ کہیں جائیں تو پہلے اپنے والدین کو اطلاع دیں، کچھ بھی بتائے بغیر اچانک کہیں چلے جانا کوئی اچھی بات نہیں۔ شیر کے بچے نے کہا کہ ٹھیک ہے، میں آپ کو بغیر بتائے اب کہیں نہیں جاؤں گا۔بچو! صرف شیر ہی نہیں آپ کو بھی اپنی امی اور اپنے بابا کو بتائے بغیر کہیں نہیں جانا چاہئے۔ امید ہے کہ آپ یہ بات یاد رکھیں گے اور اس نصیحت پر ہمیشہ عمل کریں گے۔

TOPPOPULARRECENT