Wednesday , September 20 2017
Home / ہندوستان / ۔10 لاکھ ڈپازٹ والے کھاتوں کی انکم ٹیکس کو اطلاع

۔10 لاکھ ڈپازٹ والے کھاتوں کی انکم ٹیکس کو اطلاع

نئی دہلی 19 جنوری ( سیاست ڈاٹ کام ) محکمہ ٹیکس نے بینکوں سے کہا ہے کہ اگر کسی بینک اکاؤنٹ میں ایک سال میں 10 لاکھ روپئے سے زیادہ کی رقم جمع ہوتی ہے یا پھر کریڈٹ کارڈ بلز کے ذریعہ ایک لاکھ روپئے سے زائد کی ادائیگیاں کی جاتی ہیں تو ایسے اکاؤنٹس سے محکمہ کو مطلع کیا جائے ۔ 17 جنوری کو جاری کردہ ایک اعلامیہ میں سنٹرل بورڈ اف ڈائرکٹر ٹیکسیس نے ان رقمی معاملتوں کی تفصیلات پیش کی ہیں جن سے محکمہ ٹیکس کے حکام کو مطلع کرنے کی ضرورت ہے ۔ ایسا کرنے کیلئے ایک ای ۔ پلیٹ فارم بھی تیار کیا جارہا ہے ۔ محکمہ نے اپنی نومبر 2016 کی ہدایات کی یاد دہانی کروائی ہے جس کے ذریعہ بینکوں سے کہا گیا ہے کہ 9 نومبر تا 30 ڈسمبر 2016 ایک شخص کے ایک اکاؤنٹ یا ایک سے زائد اکاؤنٹس میں 2.50 لاکھ روپئے جمع کروائے جانے کی اطلاع دی جائے ۔ 500 اور 1000 روپئے کے قدیم نوٹوں کا چلن بند کئے جانے کے بعد سے حکومت نے یہ کرنسی 50 دن کے وقت میں بینک کھاتوں میں جمع کروانے کی مہلت دی تھی اور یہ مہلت 30 ڈسمبر 2016 کو ختم ہوگئی ہے ۔ سابقہ اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ 9 نومبر 2016 سے 30 ڈسمبر 2016 کے درمیان اگر کسی فرد کے کرنٹ اکاؤنٹ میں 12.50 لاکھ سے زیادہ اور کسی شخص کے سیونگ یا دوسرے اکاؤنٹ میں 2.5 لاکھ روپئے سے زیادہ کی رقم جمع کروائی جاتی ہے تو اس کی اطلاع محکمہ کو دینے کی ضرورت ہے ۔ اعلامیہ میں کہا گیا تھا کہ یکم اپریل 2016 سے 9 نومبر 2016 کے درمیان بھی کسی اکاؤنٹ میں اگر ایسی رقم جمع کروائی گئی ہے جس کی اطلاع محکمہ کو دینے کی ضرورت ہے تو یہ اطلاع بھی 31 جنوری 2017 سے قبل محکمہ کو فراہم کردی جانی چاہئے ۔

TOPPOPULARRECENT