Wednesday , August 16 2017
Home / کھیل کی خبریں / ۔105 سالہ سائیکلسٹ نے نیا ریکارڈ قائم کردیا

۔105 سالہ سائیکلسٹ نے نیا ریکارڈ قائم کردیا

پیرس ، 5 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) 105 سالہ فرانسیسی سائیکلسٹ رابرٹ مرچند نے 22.528 کلومیٹر کا ٹریک ایک گھنٹے میں طے کرکے نئی تاریخ رقم کردی۔ فرانس میں مقبول معمر سائیکلسٹ مرچند نے اپنی جرسی پر بھی 105 کا نمبر تحریر کیا ہوا تھا جبکہ پیرس میں منعقدہ ریس میں شائقین نے اُن کو خوب داد دی۔ رابرٹ مرچند نے 2014ء میں 102 سال کی عمر میں 26.927 کلومیٹر کا فاصلہ ایک گھنٹے میں طے کر کے ریکارڑ قائم کیا تھا لیکن وہ قریب آنے کے باوجود اپنے ریکارڈ کو بہتر نہ کرسکے۔ ریس کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ ’’میری توجہ اس طرف نہیں تھی کہ آخری دس منٹ رہ گئے ہیں اگر معلوم ہوتا تو میری رفتار تیز ہوتی اور میں بہتر کرتا‘‘۔ ایک سوال پر انھوں نے کہا کہ ’’انسان کو پیدا ہونے کے لیے 9 مہینے درکار ہوتے ہیں لیکن زندگی کے خاتمے کے لیے صرف 30 سکنڈز لگتے ہیں‘‘۔ رابرٹ مرچند 1911ء میں فرانس کے شمالی علاقے میں پیدا ہوئے اور 14 سال کی عمر میں سائیکل چلانا شروع کی لیکن 67 سال کی عمر میں سائیکلنگ کو سنجیدگی سے لیا اور مقابلوں میں حصہ لینا شروع کردیا۔ معمر سائیکلسٹ نے اس مقابلے میں بہترین کارکردگی کے لیے 6 ماہ سے ٹریننگ کررہے تھے۔ انھوں نے اس سے قبل سوسال کی عمر میں 2012ء میں ایک سو کلومیٹر کے فاصلے کو چار گھنٹے 17 منٹ اور 27 سکنڈز میں طے کر ریکارڈ قائم کیا تھا۔

TOPPOPULARRECENT