Friday , August 18 2017
Home / شہر کی خبریں / ۔13 اگست سے تلنگانہ و اے پی کے عازمین حج کی روانگی کا آغاز

۔13 اگست سے تلنگانہ و اے پی کے عازمین حج کی روانگی کا آغاز

سعودی ایر لائنس سے خدمات کا حصول ، سنٹرل حج کمیٹی کا اجلاس ، ریاستوں کے کمیٹیوں کی شرکت
حیدرآباد ۔ 14۔ جون (سیاست نیوز) تلنگانہ اور آندھراپردیش کے عازمین حج کی روانگی کا 13 اگست سے آغاز ہوگا اور دونوں ریاستوں کیلئے سعودی ایرلائنس کی خدمات حاصل رہیں گی۔ ممبئی میں سنٹرل حج کمیٹی کی جانب سے آج عازمین حج کو خدمات فراہم کرنے والی ایرلائینس کمپنیوں اور مختلف ریاستوں کی حج کمیٹی کے عہدیداروں کے اجلاس میں کئی اہم امور طئے کئے گئے۔ رکن پارلیمنٹ اور سنٹرل حج کمیٹی کے رکن حسین دلوائی نے اجلاس کی صدارت کی جبکہ چیف اگزیکیٹیو آفیسر سنٹرل حج کمیٹی عطاء الرحمن، جدہ میں ہندوستان کے کونسل جنرل نور محمد شیخ، چیف اگزیکیٹیو آفیسر تلنگانہ حج کمیٹی پروفیسر ایس اے شکور، کمشنر اقلیتی بہبود آندھراپردیش شیخ محمد اقبال، اگزیکیٹیو آفیسر آندھراپردیش حج کمیٹی لیاقت علی کے علاوہ سنٹرل حج کمیٹی کے ارکان ، وزارت خارجہ اور وزارت شہری ہوا بازی کے عہدیداروں نے شرکت کی۔ ہندوستانی عازمین حج کیلئے سعودی ایرلائینس ، ایر انڈیا اور فلائی ناز ایرویز کی خدمات حاصل رہیں گی اور دو مراحل میں سنٹرل حج کمیٹی کے عازمین حج کی روانگی عمل میں آئے گی۔ اجلاس کے بعد پروفیسر ایس اے شکور نے بتایا کہ تلنگانہ اور آندھراپردیش کے عازمین حج حیدرآباد امبارگیشن پوائنٹ سے روانہ ہوں گے ۔ سنٹرل حج کمیٹی نے آندھراپردیش کیلئے گناورم میں امبارگیشن پوائنٹ مقرر کرنے سے معذوری ظاہر کی ہے۔ لہذا حج 2017 ء کے آندھراپردیش کے عازمین حیدرآباد سے روانہ ہوں گے۔ تلنگانہ حج کمیٹی حیدرآباد امبارگیشن پوائنٹ کی انچارج رہیں گی۔ انہوں نے بتایا کہ تلنگانہ اور آندھراپردیش کے عازمین کی روانگی دوسرے مرحلہ میں عمل میں آئیں گی اور تمام عازمین حیدرآباد سے جدہ کیلئے پرواز کریں گے جبکہ پہلے مرحلہ کے عازمین جن کا تعلق دیگر ریاستوں سے ہے ، وہ مدینہ منورہ روانہ ہوں گے ۔ پروفیسر ایس اے شکور نے بتایا کہ 13 تا 22 اگست 10 روزہ شیڈول تلنگانہ اور آندھراپردیش کیلئے طئے کیا گیا ہے ۔ تاہم روزانہ کتنی فلائیٹ ہوں گی، اس بارے میں فیصلہ ابھی باقی ہے۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ اور آندھراپردیش کے حجاج کرام کی واپسی 20 تا29 ستمبر مدینہ منورہ سے عمل میں آئے گی۔ ہندوستان میں جملہ 21 امبارگیشن پوائنٹس طئے گئے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ حیدرآباد سے فی عازم ایرپورٹ پر یوزر ڈیولپمنٹ فیس 2082 روپئے مقرر کی گئی ہے۔ تاہم اسے علحدہ طور پر ادا کرنے کی ضرورت نہیں۔ عازمین حج نے مصارف کی جو رقم جمع کی ہے ، اس میں یو ڈی ایف شامل ہیں۔ 24 جولائی سے دہلی اور دیگر 8 مقامات کے عازمین کی روانگی کے پہلے مرحلہ کا آغاز ہوگا اور یہ مرحلہ 7 ستمبر تک جاری رہے گا جبکہ دوسرا مرحلہ 13 تا 25 ستمبر جاری رہے گا۔ آندھراپردیش کے عہدیدار چاہتے ہیں کہ ان کے عازمین کیلئے حج ہاؤز کے علاوہ کسی اور مقام پر رہائش کا انتظام کیا جائے تاہم ضروری امور کی تکمیل اور روانگی کیلئے حج ہاؤز منتقل کیا جائے۔ اس سلسلہ میں تلنگانہ اور آندھراپردیش کی حج کمیٹیوں کے درمیان اجلاس میں فیصلہ کیا جائے گا۔ تلنگانہ حج کمیٹی عیدالفطر کے بعد ٹیکہ اندازی کیمپس کا آغاز کرے گی۔

TOPPOPULARRECENT