Friday , June 23 2017
Home / کھیل کی خبریں / ۔140کلو وزنی ویسٹ انڈیز کرکٹر کی دھوم

۔140کلو وزنی ویسٹ انڈیز کرکٹر کی دھوم

انٹیگا ۔3 مارچ  (سیاست ڈاٹ کام ) ان دنوں سوشل میڈیا پر ویسٹ انڈیز کے کھلاڑی رخیم کورن وال کی ایک ویڈیو کے بہت چرچے میں جس میں انہیں دھواں دار بیٹنگ کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے لیکن حیران کن امر یہ کہ ان کی وجہ شہرت ان کی بیٹنگ یا بولنگ نہیں بلکہ کچھ اور ہے۔جزیرہ انٹیگا سے تعلق رکھنے والے رخیم کی وجہ شہرت ان کا وزن ہے اور چھ فٹ چھ انچ قد کا حامل یہ بیٹسمین دنیا کا سب سے وزنی کرکٹر ہے جس کا وزن 140 کلوگرام کے قریب ہے۔اگر وہ ویسٹ انڈیز کیلئے بین الاقوامی کرکٹ کھیلتے ہیں تو دنیا کے سب سے وزنی کرکٹر بن جائیں گے۔رخیم کورن وال نے ڈومیسٹک مقابلوں میں شاندار کارکردگی سے اپنا ایک مقام بنایا اور وہ لیوارڈ آئی لینڈ کیلئے کھیلتے ہیں جبکہ کیریبیئن پریمیہئر لیگ میں انٹیگا ہاکس بلز پر پابندی سے قبل اس فرنچائز کی نمائندگی بھی کر چکے ہیں۔انگلینڈ کی ٹیم تین ونڈے میچوں کی سیریز کھیلنے ویسٹ انڈیز پہنچی ہے اور رخیم انگلینڈ کے خلاف ویسٹ انڈیز کرکٹ بورڈ الیون کی نمائندگی کرتے ہوئے مشہور ہوئے۔جب وہ میچ میں بیٹنگ کیلئے آئے تو 17 اوورز میں 55 رنز پر ان کی آدھی ٹیم پویلین لوٹ چکی تھی لیکن 24 سالہ کرکٹر کی تین چھکوں اور چار چوکوں سے مزین 59 رنز کی اننگز کی بدولت ان کی ٹیم نے مقررہ اوورز میں 233 رنز بنائے۔انگلینڈ کی ٹیم سات گیندوں قبل ہی میچ جیتنے میں کامیاب رہی لیکن انہوں نے عمدہ باؤلنگ کرتے ہوئے 10 اوورز میں 39 رنز دے کر ایک وکٹ لی۔انگلینڈ کے خلاف اس شاندار کارکردگی کے بعد سوشل میڈیا پر ان کی ویڈیو بہت وائرل ہو گئی ہے اور انہیں بھاری جسم ہونے کے باوجود ویسٹ انڈیز کا مستقبل کا اسٹار قرار دیا جا رہا ہے۔وہ پہلی مرتبہ اس وقت سب کی نظروں میں آئے تھے جب انہوں نے ویسٹ انڈیز کرکٹ بورڈ پریذیڈنٹ الیون کی جانب سے کھیلتے ہوئے ہندوستان کے خلاف 41 رنز بنانے کے ساتھ ویرات کوہلی، اجنکیا راہانے اور شتیشور پجارا سمیت پانچ کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا تھا۔ویسٹ انڈیز اے دورہ سری لنکا پر بھی متاثر کن کھیل پیش کرنے کے ساتھ انہوں نے ریجنل سوپر 50 ٹورنمنٹ میں بھی اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ویسٹ انڈیز کی سلیکشن کمیٹی کے سربراہ بھی آل راؤنڈر کی کارکردگی سے خوش نظر آتے ہیں اور مستقبل میں انہیں ٹیم کا حصہ دیکھنا چاہتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہم باقاعدہ ایک پروگرام کا اہتمام کریں گے تاکہ ان کی دیکھ بھال کی جا سکے کیونکہ وہ ایک خاص صلاحیت کے کھلاڑی ہیں ۔

Leave a Reply

TOPPOPULARRECENT