Tuesday , August 22 2017
Home / کھیل کی خبریں / ۔157رنز کی سبقت کے ساتھ ہندوستان کا مستحکم موقف

۔157رنز کی سبقت کے ساتھ ہندوستان کا مستحکم موقف

سری لنکا 306رنز پر آل آؤٹ‘ ہندوستان 70/1

کولمبو۔22اگست (سیاست ڈاٹ کام ) سری لنکا کے خلاف یہاں کھیلے جارہے دوسرے ٹسٹ کے تیسرے دن ہندوستانی ٹیم نے اپنی دوسری اننگز میں 70/1رنز اسکور کرتے ہوئے مقابلہ میں مجموعی طور پر 157رنز سبقت اور 9وکٹوں کے محفوظ رہنے کی وجہ سے مستحکم موقف اختیار کرلیا ہے ۔ سری لنکائی ٹیم کو پہلی اننگز میں 306رنز پر آل آؤٹ کرتے ہوئے 87رنز کی سبقت حاصل کی لیکن دوسری اننگز کا آغاز ناقص رہا جیسا کہ پہلی اننگز میں شاندار 108رنز اسکور کرنے والے لوکیش راہول پہلے اوور کی پانچویں گیند پر صرف دو رنز بناکر پرساد کی گیند پر بولڈ ہوئے ۔ اس موقع پر ٹیم کا مجموعی اسکور صرف تین رن تھا ۔ ابتدائی نقصان کے بعد مرلی وجئے اور اجنکیا رہانے کے درمیان تاحال 67رنز کی پارٹنرشپ بن چکی ہے جس نے ہندوستانی ٹیم کو اس مقابلہ میں ایک بہتر سبقت حاصل کرنے کیلئے بنیاد فراہم کردی ہے ۔ ناقص روشنی کے باعث آج کے کھیل کو مقررہ
اوورس سے قبل ہی روک دیا گیا لیکن ہندوستانی ٹیم نے 29.2اوورس میں 70رنز اسکور کرلئے ۔ دوسری اننگز میں مرلی وجئے 89گیندوں میں دو چوکوں کی مدد سے 39اور اجنکیا رہانے 84گیندوں میں ایک چوکے کی مدد سے 28رنز اسکور کرلئے ہیں لیکن دونوں ہی کھلاڑیوں کی جانب سے رنز بنانے کی رفتار کافی دھیمی ہے ۔

سری لنکا کو دوسری اننگز میں واحد کامیابی دمیکاپرساد نے اپنے پہلے ہی اوور میں دلوائی ‘ تاہم انجیلو میتھوز نے ان سے صرف چار اوورس کی بولنگ کروائی جس میں انہوں نے 12رنز دیئے ۔ قبل ازیں سری لنکا نے اپنے کل کے اسکور 140/3سے آگے کھیلنا شروع کیا ۔ کپتان انجیلو میتھوز جنہوں نے کل 19رنز اسکورکرلئے تھے آج انہوں نے اپنے کریئر کی چھٹی سنچری اسکور کی ۔ میتھوز نے 167گیندوں میں 12چوکوں کی مدد سے 102رنز کی اننگز کھیلی ۔ کل کے دوسرے ناٹ آؤٹ بیٹسمین تھیرمینے نے کپتان کے ہمراہ بہتر مظاہرہ کرتے ہوئے 168گیندوں میں 5چوکوں کی مدد سے 62رنز اسکور کئے ۔ مذکورہ بیٹسمینوں کے علاوہ دیگر کوئی بھی بیٹسمین بہتر مظاہرہ نہیں کرپایا ‘ حالانکہ جہاںمبارک نے 22رنز کی اننگز کھیلی تاہم وہ اپنی ٹیم کو پہلی اننگز کے خسارے سے باہر نہیں نکال پائے ۔ ہندوستان کیلئے امیت مشرا نے 43رنز کے عوض چار کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا ۔ نیز ایشانت شرما اور روی چندرن اشون فی کس دو کھلاڑیوں آؤٹ کیا ۔

TOPPOPULARRECENT