Wednesday , September 27 2017
Home / شہر کی خبریں / ۔18 جون کو انیس الغرباء کامپلکس تعمیر کا سنگ بنیاد

۔18 جون کو انیس الغرباء کامپلکس تعمیر کا سنگ بنیاد

چیف منسٹر کے سی آر کی شرکت ، صدر نشین وقف بورڈ الحاج محمد سلیم کا بیان
حیدرآباد ۔ 14۔ جون (سیاست نیوز) چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ 18 جون کو 6 بجے شام نامپلی میں انیس الغرباء کے نئے ہمہ منزلہ کامپلکس کی تعمیر کا سنگ بنیاد رکھیں گے۔ صدرنشین وقف بورڈ محمد سلیم نے بتایا کہ 22 کروڑ روپئے کی لاگت سے انتہائی عصری کامپلکس تعمیر کیا جائے گا جو 7 فلور پر مشتمل ہوگا۔ ابتدائی دو فلور تجارتی سرگرمیوں کیلئے مختص رہیں گے جبکہ باقی کے پانچ منزلوں پر انیس الغرباء یتیم خانہ رہے گا۔ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے اسمبلی میں اعلان کیا تھا کہ 22 کروڑ کی لاگت سے عصری یتیم خانہ تعمیر ہوگا۔ انہوں نے انیس الغرباء سے متصل آر اینڈ بی کی 4000 مربع گز اراضی نئے کامپلکس کی تعمیر کیلئے الاٹ کی ہے۔ کامپلکس کی عاجلانہ تعمیر کو یقینی بنانے کیلئے صدرنشین وقف بورڈ محمد سلیم نے حال ہی میں چیف منسٹر سے ملاقات کی اور انہیں تعمیری منصوبہ سے واقف کرایا ۔ محمد سلیم کی خواہش پر چیف منسٹر نے 18 جون کو دعوت افطار کے موقع پر سنگ بنیاد رکھنے سے اتفاق کرلیا۔ لال بہادر اسٹیڈیم میں دعوت افطار کی تقریب میں روانگی سے قبل چیف منسٹر انیس الغرباء کامپلکس کا سنگ بنیاد رکھیں گے۔ محمد سلیم نے بتایا کہ آر اینڈ بی کے انجنیئرس کی جانب سے تعمیری کام انجام دیئے جائیں گے اور ابتدائی کاموں کیلئے وقف بورڈ نے ایک کروڑ روپئے جاری کردیئے ہیں۔ صدرنشین وقف بورڈ نے بتایا کہ کامپلکس کی تعمیر جلد مکمل کرلی جائے گی اور انیس الغرباء کا افتتاح چیف منسٹر انجام دیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ 500 یتیم و یسیر بچوں کی رہائش کی سہولت فراہم کی جارہی ہے۔ بچوں کو کسی معیاری اسکول میں تعلیم کا انتظام رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ انیس الغرباء میں فی الوقت بچوں کی تعداد کافی کم ہے اور ان میں بھی حقیقی طور پر یتیم و یسیر بچے کم بتائے جاتے ہیں۔ عصری یتیم خانہ کی تعمیر کے بعد حقیقی معنوں میں یتیم اور بے سہارا بچوں کو داخلہ دیا جائے گا اور انہیں بہتر تعلیم بھی فراہم کی جائے گی ۔ انہوں نے کہا کہ کامپلکس کی تعمیر کے بعد انیس الغرباء ملک کا ایک مثالی یتیم خانہ بن جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ بہتر انتظامات کیلئے عہدیداروں کی ٹیم تشکیل دی جائے گی ۔ محمد سلیم نے کہا کہ انیس الغرباء میں اب تک جو کچھ بھی بے قاعدگیاں کی گئیں ، ان کا ہرگز اعادہ نہیں ہوگا۔ صدرنشین وقف بورڈ نے کہا کہ چیف منسٹر غریب مسلمانوں کی ترقی کے بارے میں سنجیدہ ہیں اور اقامتی اسکولوں کا قیام چیف منسٹر کا اہم کارنامہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ جاریہ سال دو لاکھ غریب خاندانوں میں رمضان گفٹ تقسیم کیا جارہا ہے ۔ وقف بورڈ کی نگرانی میں گریٹر حیدرآباد کے حدود کی مساجد کیلئے گفٹ پیاکٹس کی اجرائی کا کام حج ہاؤز میں جاری ہے جبکہ اضلاع کے گفٹ پیاکٹس متعلقہ ضلع کلکٹرس کو روانہ کئے گئے ہیں ۔ 16 جون کو ریاست کی 800 مساجد میں گفٹ پیاکٹس کی تقسیم عمل میں آئے گی۔

TOPPOPULARRECENT