Tuesday , August 22 2017
Home / کھیل کی خبریں / ۔1985 ء کے بعد پاکستان کیخلاف نیوزی لینڈ کی پہلی سیریز کامیابی

۔1985 ء کے بعد پاکستان کیخلاف نیوزی لینڈ کی پہلی سیریز کامیابی

ہملٹن ۔29 نومبر (سیاست ڈاٹ کام )دوسرے ٹسٹ میں نیوزی لینڈ نے سنسنی خیز لمحات کے بعد پاکستان کو 138 رنز سے شکست دے کر 2 ٹسٹ میچوں کی سیریز 0-2 سے جیت لی۔میزبان ٹیم کی پاکستان کے خلاف یہ  3 دہوں میں پہلی ٹسٹ سیریز کامیابی رہی۔ہملٹن کے سیڈن پارک میں کھیلے گئے دوسرے ٹسٹ میچ میں میزبان  نے مہمان ٹیم کو کامیابی کے لئے 369 رنز کا نشانہ دیا تھا، جس کے تعاقب  میں اوپنرس کے بہتر مظاہرہ کے باوجود  پاکستانی ٹیم صرف 230 رنز بناسکی۔پاکستان کی جانب سے اوپنرز نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 131 رنز کی پارٹنر شپ قائم کی، اظہر علی 58 اور سمیع اسلم 91 رنز پر آؤٹ ہوئے۔اس کے بعد کوئی بھی بیٹسمین  وکٹ پر ٹھہر نہ سکا، بابر اعظم 16 اور سرفرار 19 رنز پر رن آؤٹ ہوگئے۔سرفراز احمد کے رن آؤٹ ہوتے ہی میچ کا پانسہ ایسا پلٹا کے پاکستانی بیٹسمین  دباؤ میں بکھرتے چلے گئے، آخری 7 وکٹیں صرف 31 رنز کے اضافے سے گرگئیں اور اسد شفیق، وہاب ریاض اور محمد عامر کوئی رنز نہ بنا پائے۔دوسرے ٹسٹ میں کامیابی سے  نیوزی لینڈ نے 31 سال بعد پاکستان کو ٹسٹ سیریز میں شکست دی اور پہلی مرتبہ پاکستان کو وائٹ واش شکست سے دوچار کردیا۔یاد رہے کہ پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان اب تک 22 سیریز کھیلی گئی ہیں اور اب تک نیوزی لینڈ صرف دو سیریز جیت سکا ہے جس میں سے آخری سیریز 1985 میں جیتی تھی ‘ تاہم ہملٹن ٹسٹ کے پانچویں دن ڈرامائی آخری سیشن میں پاکستانی ٹیم نے 9 وکٹیں گنوادیں اور تاریخ میں پہلی مرتبہ میزبان ٹیم کے خلاف ٹسٹ سیریز میں وائٹ واش شکست سے دوچار ہوئی ہے۔ ہملٹن میں مشکل وکٹ کے علاوہ پاکستان کے لئے سب سے پریشان کن بات کپتان مصباح الحق کی غیر موجودگی تھی، جو سلو اوور ریٹ کے سبب ایک میچ کی پابندی کا شکار اور سسر کے انتقال کی وجہ سے پاکستان واپس لوٹ چکے تھے، ان کی غیر موجودگی میں کپتانی کے فرائض اظہر علی نے انجام دیئے۔پاکستان کی جانب سے دوسرے ٹسٹ میچ میں محمد رضوان کو کرئیر کے آغاز کا موقع فراہم کیا گیا تھا، دوسری جانب کیوی فاسٹ بولر ٹرینٹ بولٹ زخمی ہونے کے باعث دوسرے ٹسٹ کا حصہ نہیں تھے۔

TOPPOPULARRECENT