Monday , October 23 2017
Home / دنیا / ۔21 اگسٹ کو جان کیری کا مجوزہ دورہ ترکی

۔21 اگسٹ کو جان کیری کا مجوزہ دورہ ترکی

استنبول 5 اگسٹ ( سیاست ڈاٹ کام ) ترکی کے صدر رجب طیب اردغان نے کہا کہ امریکی سکریٹری آف اسٹیٹ جان کیری جاریہ ماہ ترکی کا دورہ کرنے کا منصوبہ رکھتے ہیں۔ اگر یہ دورہ ہوتا ہے تو ترکی میں ناکام فوجی بغاوت کے بعد کسی مغربی مہمان کا یہ پہلا دورہ ترکی ہوگا ۔ اگر کیری کا یہ دورہ قطعی ہوجاتا ہے تو یہ ایسے وقت میں ہو رہا ہے جبکہ فوجی بغاوت کی ناکامی کے بعد کی جا رہی کارروائیوں کے مسئلہ پر ترکی اور امریکہ کے مابین تعلقات میں کشیدگی پیدا ہوئی ہے ۔ ترکی کا مسلسل اصرار ہے کہ پنسلوانیہ میں مقیم ترک لیڈر فتح اللہ گیولن کو ترکی کے حوالے کیا جائے ۔ ترکی کا الزام ہے کہ فتح اللہ گیولن نے ہی فوجی بغاوت کی سازش تیار کی تھی ۔ حکومت نے اس ناکام بغاوت کے بعد باغیوں کے خلاف بڑے پیمانے پر کارروائی شروع کردی ہے ۔ صدر اردغان نے ایک انٹرویو میں بتایا کہ ان کے خیال میں جان کیری 21 اگسٹ کو ترکی کا دورہ کرسکتے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ آئندہ دو ہفتوں میں ترکی کے وزیر خارجہ اور وزیر انصاف پر مشتمل ایک وفد بھی امریکہ کا دورہ کریگا اور ناکام بغاوت میں فتح اللہ گیولن کے رول کو واضح کرنے کی کوشش کی جائیگی ۔ گیولن کے خلاف کل ترکی میں وارنٹ جاری کیا گیا تھا تاہم امریکی اسٹیٹ ڈپارٹمنٹ کے ترجمان مارک ٹونر نے اس پر کسی طرح کے تبصرے سے انکار کردیا ہے ۔

TOPPOPULARRECENT