Thursday , August 17 2017
Home / شہر کی خبریں / ۔25 اپریل کو 751 ائمہ و موذنین کو اعزازیہ کی اجرائی

۔25 اپریل کو 751 ائمہ و موذنین کو اعزازیہ کی اجرائی

حج ہاوز نامپلی میں تقریب مقرر ، ڈپٹی چیف منسٹر محمد محمود علی کی شرکت
حیدرآباد۔/22 اپریل، ( سیاست نیوز) چیف ایکزیکیٹو آفیسر وقف بورڈ محمد اسد اللہ نے عہدیداروں کے ساتھ ہنگامی اجلاس طلب کرتے ہوئے ائمہ اور مؤذنین کے اعزازیہ سے متعلق اسکیم کا جائزہ لیا۔ انہوں نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ وہ درخواستوں کی جانچ کا کام تیزی سے مکمل کریں۔ اضلاع میں وقف انسپکٹرس کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ اندرون ایک ہفتہ درخواستوں کی جانچ کا کام مکمل کرتے ہوئے وقف بورڈ کو رپورٹ پیش کریں۔ انہوں نے کہا کہ پہلے مرحلہ میں بروز پیر 25 اپریل کو 751 ائمہ اور مؤذنین کو اعزازیہ کی رقم جاری کردی جائے گی۔ ڈپٹی چیف منسٹر محمد محمود علی حج ہاوز میں منعقد ہونے والی تقریب میں ائمہ اور مؤذنین کو منظورہ رقم کے چیک حوالے کریں گے۔ انہوں نے اعتراف کیا کہ درخواستوں کی جانچ کے کام میں تاخیر ہوئی ہے تاہم اس کی بعض وجوہات ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اسٹاف کی کمی اور اضلاع میں وقف انسپکٹرس کو زائد ذمہ داریوں کے باعث وہ شخصی طور پر مساجد پہنچ کر درخواستوں کی جانچ نہیں کرسکے۔ انہوں نے بتایا کہ پیر کو 11:30 بجے دن تقریب منعقد ہوگی جس میں ڈائرکٹر جنرل اینٹی کرپشن بیورو اے کے خاں، سکریٹری اقلیتی بہبود سید عمر جلیل اور دیگر عہدیدار شرکت کریں گے۔ محمد اسد اللہ نے بتایا کہ فی کس 9000 روپئے کا چیک حوالے کیا جائے گا اور جولائی 2015 سے اسکیم پر عمل آوری کا شمار کیا جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ جن درخواستوں کی جانچ مکمل کرلی گئی ہے اُن ائمہ اور مؤذنین کو اطلاع کردی گئی اور وہ مقررہ وقت پر تقریب میں موجود رہیں۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ حکومت نے ائمہ اور مؤذنین کی معاشی صورتحال کو مستحکم کرنے کیلئے اس منفرد اسکیم کا آغاز کیا ہے اور ماہانہ 1000/- روپئے راست طور پر اکاؤنٹ میں جمع کئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ حالیہ عرصہ میں ائمہ اور مؤذنین کی جانب سے مساجد کی تبدیلی سے بھی بعض دشواریاں پیش آرہی ہیں۔ حکومت ہر ماہ 5000 ائمہ اور 5000 مؤذنین کو اعزازیہ جاری کرے گی۔

TOPPOPULARRECENT