Saturday , August 19 2017
Home / پاکستان / ۔26/11 کیس : پاکستان کو گواہوں کا بیان مطلوب

۔26/11 کیس : پاکستان کو گواہوں کا بیان مطلوب

پاکستان میں تمام گواہوں کے بیانات قلمبند ہوچکے، استغاثہ کا بیان

لاہور۔ 8 اگست (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان نے ایک اعلیٰ عہدیدار کو ہدایت دی ہیکہ ممبئی حملہ کیس کے 24 گواہوں کو بھیجنے کے معاملہ پر ہندوستان سے بات کرے تاکہ ان کے بیانات قلمبند کئے جاسکے اور اس کیس میں ٹرائل کو جلد از جلد مکمل کیا جاسکے۔ ممبئی کیس میں استغاثہ کے سربراہ چودھری اظہر نے نیوز ایجنسیز پی ٹی آئی کو بتایا کہ وزارت خارجہ نے اپنے ڈائرکٹر جنرل ساوتھ ایشیا کو تحریر کیا ہیکہ 24 ہندوستانی گواہوں کو پاکستان بھیجنے کا معاملہ اٹھائیں تاکہ یہاں ممبئی حملہ کیس میں ٹرائل کورٹ ان کے بیانات قلمبند کرسکے۔ انہوں نے کہا کہ اس سے قبل وزارت خارجہ نے راست طور پر ہندوستانی حکومت کو مکتوب تحریر کرتے ہوئے 24 گواہوں کو پاکستان بھیجنے درخواست کی تھی اور اب اس نے اس معاملہ کو آگے بڑھانے کیلئے ڈی جی ساوتھ ایشیا کو ہدایت دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم پہلے ہی واضح کرچکے ہیں کہ ممبئی کیس اس وقت تک آگے نہیں بڑھ سکتا جب تک ہندوستان اپنے گواہوں کو یہاں بھیج کر ان کے اہم گواہی قلمبند نہیں کرادیتا۔

استغاثہ کے مطابق تمام پاکستانی گواہوں نے اپنے بیانات درج کرادیئے ہیں۔ اب معاملہ کو آگے بڑھانا ہندوستان پر منحصر ہے۔  اگر وہ ممبئی کیس کو جلد از جلد پایہ تکمیل تک پہنچانا چاہتا ہے تو اسے اپنے گواہوں کو یہاں بھیجنا پڑے گا۔ حال ہی میں پاکستان کی دفترخارجہ نے کہا تھاکہ اس نے ممبئی حملہ کے ٹرائل کی عاجلانہ تکمیل کیلئے ہندوستان کو اضافی ثبوت فراہم کیا ہے۔ ہندوستان اس ٹرائل کو جلد از جلد مکمل کرنے کیلئے پاکستان سے اپیل کرتا رہا ہے۔ اس کا کہنا ہیکہ ملزمین پر مقدمہ چلانے کیلئے پاکستان کے ساتھ معقول شواہد کا تبادلہ کیا جاچکا ہے۔ ممبئی حملہ کے سرغنہ ذکی الرحمن لکھوی، عبدالواجد، مظہر اقبال، حماد امین صادق، شاہد جمیل ریاض، جمیل احمد اور یونس انجم ممبئی حملہ میں قتل، اقدام قتل، منصوبہ بندی اور سازش پر عمل درآمد میں مدد دینے کے ملزمین ہیں۔

TOPPOPULARRECENT