Wednesday , August 23 2017
Home / Top Stories / ۔29 فبروری کو عام بجٹ : وینکیا نائیڈو 25 فبروری کو ریلوے بجٹ : 23 فبروری سے بجٹ سشن

۔29 فبروری کو عام بجٹ : وینکیا نائیڈو 25 فبروری کو ریلوے بجٹ : 23 فبروری سے بجٹ سشن

نئی دہلی۔ 4 فروری (سیاست ڈاٹ کام) پارلیمنٹ بجٹ سیشن کا 23 فروری سے آغاز ہوگا ۔ سیشن میں حکومت کی مالیاتی سرگرمیوں پر وسیع تر توجہ مرکوز ہو گی۔ 29 فروری کو عام بجٹ پیش کیا جائے گا، تاہم پانچ ریاستوں میں عنقریب ہونے والے اسمبلی انتخابات کے پیش نظر بجٹ سیشن کی مدت مختصر نہیں ہوگی۔ اس بات کا فیصلہ کابینی کمیٹی برائے پارلیمانی اُمور کے اجلاس میں کیا گیا۔ وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ نے صدارت کی۔ پارلیمنٹ بجٹ سیشن میں 25 فروری کو ریلوے بجٹ پیش کیا جائے گا جبکہ 26 فروری کو بجٹ سے قبل معاشی سروے کی رپورٹ پیش کی جائے گی۔ 29 فروری کو عام بجٹ پیش کیا جائیگا۔ سیشن کا پہلا مرحلہ 16 مارچ کو ختم ہوگا، دوسرا مرحلہ 25 اپریل سے 13 مئی کے درمیان منعقد ہوگا۔ وزیر پارلیمانی اُمور وینکیا نائیڈو نے کابینی کمیٹی برائے پارلیمانی اُمور کے اجلاس کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ پانچ ریاستوں میں اسمبلی انتخابات کے پیش نظر بجٹ سیشن کی مدت میں کمی کرنے کی تجویز پیش کی گئی تھی، لیکن حکومت کیساتھ ساتھ سیاسی پارٹیوں نے بجٹ سیشن کو مکمل طور پر چلانے پر زور دیا۔ 2011ء میں اُس وقت کی حکومت نے بجٹ سیشن کے دوران تمام بِلوں کو اسٹینڈنگ کمیٹی سے رجوع کرنے کا فیصلہ کیا تھا اور یہ فیصلہ ہوا تھا کہ جب ملک کی چند ریاستوں میں اسمبلی انتخابات ہورہے ہوں تو بجٹ سیشن کی مدت کو مختصر کرنا چاہئے، لیکن حکومت نے آج فیصلہ کیا کہ تمام بِلوں کو جائزہ لینے کیلئے اسٹینڈنگ کمیٹی سے رجوع کیا جائے گا اور تعطیلات کے دوران یہ کمیٹی، بِلوں کا جائزہ لے گی۔ مملکتی وزیر پارلیمانی اُمور مختار عباس نقوی نے کہا کہ حکومت کو توقع ہے کہ بجٹ سیشن تعمیری و مثبت ثابت ہوگا۔

TOPPOPULARRECENT