Saturday , June 24 2017
Home / شہر کی خبریں / ۔400 سال حکومت کرنے والے نظام کے جانشینوں کو تحفظات کیوں ؟

۔400 سال حکومت کرنے والے نظام کے جانشینوں کو تحفظات کیوں ؟

ملک میں مذہب کی بنیاد پر تحفظات کی فراہمی ممکن نہیں ‘ مرکزی وزیر ہنس راج آہیر

حیدرآباد 21 جنوری ( پی ٹی آئی ) مرکزی منسٹر آف اسٹیٹ داخلہ مسٹر ہنس راج آہیر نے آج کہا کہ ملک میں مذہب کی بنیاد پر تحفظات کی فراہمی ممکن نہیں ہے ۔ ہنس راج آہیر تلنگانہ بی جے پی کی بھدراچلم میں ہونے والی دو روزہ ریاستی عاملہ کے اجلاس میں شرکت کیلئے آئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تحفظات صرف دستوری اصولوں کی بنیاد پر دئے جاسکتے ہیں اور مذہبی خطوط پر نہیں دئے جاسکتے ۔ بی جے پی کے ایک اعلامیہ میں یہ بات بتائی گئی ۔ آہیر نے یہ تبصرہ اس پس منظر میں کیا ہے کہ تلنگانہ کی ٹی آر ایس حکومت نے مسلمانوں کے پسماندہ طبقات کیلئے تحفظات کی تجویز پیش کی ہے ۔ بی جے پی اعلامیہ میں آہیر کا یہ کہتے ہوئے حوالہ دیا گیا کہ 400 سال تک حکومت کرنے والے نظام کے جانشین کس طرح تحفظات مانگ سکتے ہیں ؟ ٹی آر ایس حکومت نے حال ہی میں کہا ہے کہ ایک بل پسماندہ مسلمانوں کو تحفظات فراہم کرنے کیلئے اسمبلی کے بجٹ اجلاس میں پیشکیا جائیگا ۔ آہیر نے مزید کہا کہ ہندوستانی فوج نے پاکستان کو سرجیکل حملوں کے ذریعہ سبق سکھایا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ نریندر مودی حکومت کے حوصلہ مندانہ فیصلے کے بعد جموں و کشمیر میں تقریبا 95 فیصد طلبا امتحانات میں شرکت کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ واضح ہے کہ کشمیری عوام عسکریت پسندوں کے اثر میں نہیں آ رہے
ہیں۔ یہ واضح کرتے ہوئے کہ وزیر اعظم نریندر مودی دنیا بھر میں سب سے مقبول لیڈر کے طور پر ابھرے ہیں مسٹر آہیر نے اس یقین کا اظہار کیا کہ ملک کی پانچ ریاستوں میں جہاں اسمبلی انتخابات ہونے والے ہیں بی جے پی کامیاب ہوگی ۔ انہوں نے واضح کیا کہ نوٹ بندی کا فیصلہ تفصیلی تبادلہ خیال کے بعد کیا گیا تھا ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے سارے ملک میں نقد رقم تقسیم کرنے کیلئے تیز رفتار اور موثر اقدامات بھی کئے تھے ۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ میں ٹی آر ایس حکومت نے کچھ خاص کام نہیں کیا ہے ۔ اگر مرکز کی این ڈی اے حکومت کی جانب سے کئے گئے ترقیاتی اور فلاح و بہبود کے کاموں کی تشہیر عوام میں موثر ڈھنگ سے کی گئی تو پھر تلنگانہ میں بی جے پی کو اقتدار حاصل ہوجائیگا ۔

کوکٹ پلی میں ایک شخص کے قتل کی واردات
حیدرآباد 21 جنوری ( سیاست نیوز ) کوکٹ پلی میں ایک شخص کا قتل کردیا گیا ۔ نامعلوم افراد نے نعش کو میٹرو اسٹیشن کے قریب پھینک دیا ۔ کے پی ایچ بی پولیس نے ابتدائی تحقیقات کے بعد نعش کی شناخت 48 سالہ یادگیری کی حیثیت سے کرلی ۔ نامعلوم افراد نے اس پر وزنی سلاخوں سے حملہ کرکے قتل کردیا اور نعش کو روڈ نمبر 1 کے قریب پھینک دیا ۔ پولیس نے مقدمہ درج کرلیا اور مصروف تحقیقات ہے ۔

Leave a Reply

TOPPOPULARRECENT