Friday , September 22 2017
Home / Top Stories / ۔50/100 کرنسی بند کرنے کا ارادہ نہیں

۔50/100 کرنسی بند کرنے کا ارادہ نہیں

بینک لاکرس اور زیورات منجمد کرنے کی بھی تردید : حکومت
نئی دہلی ۔ 16 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) حکومت نے ہر طرف گشت کررہی افواہوں کے درمیان کہا ہیکہ 100 روپئے اور 50 روپئے کی نوٹ کا چلن بند کرنے کا کوئی ارادہ نہیں۔ سلسلہ وار ٹوئیٹس میں حکومت نے اسے محض ایک افواہ قرار دیا کہ وزیراعظم دوبارہ قوم سے خطاب کرتے ہوئے 50/100 روپئے کی کرنسی کا چلن بند کرنے کا اعلان کریں گے۔ پی آئی بی نے ایک اور ٹوئیٹ میں کہا ہیکہ دیگر کسی بھی کرنسی کا چلن بند کرنے کا کوئی ارادہ نہیں اور اس بارے میں پھیلائی جارہی افواہیں بے بنیاد ہیں۔ یہ بھی کہا گیا ہیکہ کرنسی کا چلن بند کرنے سے فائدہ کم اور نقصان زیادہ ہونے کے بارے میں پھیلائی جارہی باتیں بھی محض افواہ ہے۔ حکومت نے واضح کیا ہیکہ بینک لاکرس کو مہربند کرنے اور سونے و ہیروں کے زیورات منجمد کرنے کا کوئی بھی ارادہ نہیں۔
۔3 یا 5 لاکھ سے زائد نقد رقمی معاملت پر تحدید
کالادھن سے نمٹنے حکومت کے مزید سخت اقدامات متوقع
نئی دہلی ۔ 16 نومبر (سیاست ڈاٹ کام)کالادھن کی روک تھام کیلئے حکومت نقد رقم جمع کرانے پر بھی 3 یا 5 لاکھ روپئے تک پابندی عائد کرسکتی ہے کیونکہ اس سے زائد رقمی لین دین غیرقانونی اور مستوجب سزاء تصور کیا جائے گا۔ سپریم کورٹ کی جانب سے کالادھن کے سلسلہ میں تشکیل دی گئی اسپیشل انوسٹی گیشن ٹیم (ایس آئی ٹی) کی سفارش کی بنیاد پر یہ قدم اٹھایا جاسکتا ہے۔ ایک سینئر عہدیدار نے بتایا کہ حکومت نقد رقم رکھنے پر بھی حد مقرر کرسکتی ہے جو 15 لاکھ یا اس سے زائد تک کی ہوگی۔ انہوں نے بتایا کہ اس ضمن میں بجٹ کی پیشکشی کے وقت اعلان کیا جاسکتا ہے۔ نقد رقمی لین دین بالخصوص سونا اور جائیدادوں کی خریدی میں ہونے والی نقد معاملتوں کی روک تھام کیلئے حکومت پلاسٹک منی (کارڈ) کے استعمال کی حوصلہ افزائی کرے گی۔ اس کا مقصد غیرمحسوب اثاثہ جات سے نمٹنا ہے۔

TOPPOPULARRECENT