Monday , September 25 2017
Home / Top Stories / ۔71ویں یوم آزادی تقاریب کا تمام ریاستوں میں انعقاد

۔71ویں یوم آزادی تقاریب کا تمام ریاستوں میں انعقاد

مختلف چیف منسٹرس کا ترقیاتی اسکیموں کا اعلان ‘ ریاستوں کی ترقی کا ادعا ‘ کاشتکاروں کی ہر ممکن مدد کے تیقنات
نئی دہلی ۔ 15اگست ( سیاست ڈاٹ کام) ملک گیر سطح پر تمام ریاستوں اور مرکزی زیر انتظام علاقوں میں متحدہ طور پر حب الوطنی کے جذبہ سے سرشار عوام نے یوم آزادی تقاریب منائی ۔ سخت حفاظتی انتظامات میں مختلف ریاستوں اور مرکزی زیر انتظام علاقوں کے چیف منسٹرس نے قومی پرچم لہرایا اور مختلف ترقیاتی پروگراموں کا اعلان کیا ۔ جموں و کشمیر کی چیف منسٹر محبوبہ مفتی نے ریاست کے خصوصی موقف کا تذکرہ کرتے ہوئے اُمید ظاہر کی کہ ملک میں اداروں اور پاکستان کے حملوں سے ریاست میں تشدد کا انسداد ہوگا ۔ دستور دفعہ 35Aکے بارے میں انہوں نے کہا کہ اس کو سپریم کورٹ میں چیلنج کیا جارہا ہے اور انہیں یقین ہے کہ درخواستیں مسترد کردی جائیں گی ۔ یو پی چیف منسٹر آدتیہ ناتھ نے قومی پرچم لہرا کر سوچھ بھارت مشن کی اہمیت اجاگر کی اور کہاکہ امراض تنفس کے خلاف جدوجہد ناگزیر ہے ۔ انہوں نے یوم آزادی کے 70ویں سال کے موقع پر ہاسپٹل میں بچوں کی اموات پر اظہار غم کیا ۔ چھترسال اسٹیڈیم میں خطاب میں چیف منسٹر دہلی اروند کجریوال نے کہاکہ حکومت دہلی منصوبہ کا اعلان کریگی تاکہ ڈینگو بخار اور چکن گنیا پر قابو پایا جاسکے ۔ یہ اعلان 10دن کے اندر ہوگا ۔ چیف منسٹر اترا کھنڈ تروریندر سنگھ راوت نے قومی پرچم لہرایا ۔ چیف منسٹر پنجاب امریندر سنگھ نے یوم آزادی خطاب میں کاشتکاروں کو تیقن دیا کہ حکومت جس قرض کی معافی اسکیم کا اعلان کرچکی ہے اس پر اندرون ایک ماہ عمل آوری کی جائیگی ۔ چیف منسٹر گجرات وجئے روپانی نے دس صنعتی علاقوں کو چھوٹی صنعتوں کیلئے مختص کرنے اور ماہی گیروں کو معاشی امداد دینے کے علاوہ تعلیمی اداروں میں مفت وائی فائی کا اعلان کیا ۔ چیف منسٹر مہاراشٹرا دیویندر فرنویس کہا کہ ریاستی حکومت تمام کاشتکاروں کو قرضوں سے نجات دلائیگی ۔ بعض مقامات پر کاشتکاروںکے احتجاج سے ترنگا لہرانے اور ضلعی وزراء کی تقریر کے پروگرام متاثر ہوئے ۔ چیف منسٹر مدھیہ پردیش شیوراج سنگھ چوہان نے کہا کہ حکومت کا مقصد ریاست کو 2022 تک کرپشن و غربت سے پاک بنانا ہے ۔ چیف منسٹر بہار نتیش کمار نے ریاست میں سیلاب کی صورتحال پر اظہار تشویش کیا اور تیقن دیا کہ حکومت عوام کی مدد کیلئے ہر ممکن کوشش کرے گی ۔

چیف منسٹر آسام سربا نندا سونووال نے کہا کہ دریائے برہماپترا کی جسامت اور دیگر ریاستوں سے اس دریائے میں بہہ کر آنے والی ریت کی وجہ سے بڑے پیمانے پر تباہی آئی ہے ۔ چیف منسٹر تریپورہ مانک سرکار نے آسام رائفل پریڈ کی سلامی لی اور اس طاقت کے خلاف خبردار کیا جو سیاست اور مذہب کو خلط ملط کرنا چاہتی ہے ۔ ایٹانگر میں چیف منسٹر پیماکھنڈو نے ترنگا لہرایا اور عوام سے خطاب کے دوران کہا کہ ریاست اروناچل پردیش مسلح افواج کے ساتھ خصوصی تعلق رکھتی ہے۔ چیف منسٹر اڈیشہ نوین پٹنائیک اچانک بیمار ہوگئے جب کہ وہ عوام سے یوم آزادی خطاب کررہے تھے لیکن جلد ہی ان کی حالت بہتر ہوگئی اور وہ پریڈ کے مقام سے سلامی لینے کے بعد روانہ ہوگئے ۔ چیف منسٹر میزورم لال تھن ہاولہ نے کہا کہ نئی اراضی کے استعمال کے پالیسی کی وجہ سے ریاست کی ترقی ہوئی ہے ۔ چیف منسٹر گوا منوہر پاریکر نے عوام سے اپیل کی کہ ریاست کو 2020 تک پلاسٹک سے پاک بنادیں ۔ جنوبی ریاستوں تلنگانہ و آندھراپردیش میں چیف منسٹروں کے سی آر اور چندرا بابو نائیڈو نے ترنگا لہرایا اور سلامی لی ۔ چندر شیکھر راؤ نے 85ہزار ملازمتوں کے مواقع فراہم کرنے کا اعلان کیا ۔ چیف منسٹرکیرالا پی وجین نے عوام پر زور دیا کہ وہ قوم پرستی کے نظریہ کو زہریلا بنانے اور اس کی اہمیت کم کرنے کی کوششوں کا مقابلہ کریں ۔ چیف منسٹر ٹاملناڈو کے پلانی سوامی نے کہا کہ ان کی حکومت عوام کی خدمت کے واحد مقصد سے کام کررہی ہے اور تمام رکاوٹیں دور کردے گی ۔ چیف منسٹر کرناٹک سدارامیا نے کہاکہ کسی بھی زبان کو ریاست پر مسلط نہیں کیا جائے گا جو غیر دستوری ہو ۔ چیف منسٹر دہلی اروند کجریوال نے اپنی یوم آزادی تقریر میں اعلان کیا کہ ہر ایک ساتھ انصاف برقرار رکھا جائے گا اور خواتین کے خلاف جرائم کے مقدمات سے عاجلانہ بنیادوں پر نمٹا جائے گا تاکہ انہیں انصاف حاصل ہوسکے ۔

TOPPOPULARRECENT