Saturday , May 27 2017
Home / Top Stories / موہت نے ٹوئنٹی 20 میں ٹرپل سنچری بنا ڈالی

موہت نے ٹوئنٹی 20 میں ٹرپل سنچری بنا ڈالی

 

۔72 گیندوں کی اننگز میں 39 چھکے ، ٹیم کا مجموعی اسکور 416 رنز

نئی دہلی۔ 7 فروری (سیاست ڈاٹ کام) دہلی کے بیٹسمین موہت اہلوات نے ٹوئنٹی 20 کرکٹ میں ٹرپل سنچری بنانے والے پہلے بیٹسمین بن گئے ہیں اور ایک عالمی ریکارڈ اپنے نام کرلیا ہے۔ اے بی پی لائیو کی رپورٹ کے بموجب 21 سالہ موہت نے 72 گیندوں میں 14 چوکوں اور 39 چھکوں پر مشتمل اپنی اننگز میں ٹرپل سنچری اسکور کرلی ہے۔ نوجوان بیٹسمن نے اننگز کے آخری اوور کی 5 گیندوں پر 5 چھکے لگائے۔ ان کی ٹیم نے مقررہ 20 اوورس میں 416 رنز کا ناقابل یقین اسکور بنایا۔ موہت جوکہ اپنی مقامی ٹیم ماوی الیون کی نمائندگی کررہے تھے اور یہ مقامی ٹورنمنٹ ’’فرینڈس پریمیئر لیگ‘‘ کا مقابلہ تھا اور فرینڈس الیون حریف ٹیم تھی۔ موہت جوکہ رانجی ٹرافی میں دہلی کی نمائندگی بھی کرتے ہیں، لیکن اس عالمی ریکارڈ اننگز سے قبل ان کا دیگر مقابلوں میں مظاہرہ قابل ذکر نہیں۔ سیدھے ہاتھ کے وکٹ کیپر بیٹسمین موہت رانجی ٹرافی میں دہلی کیلئے تاحال تین مقابلے کھیلے ہیں جن میں وہ صرف 5 رنز اسکور کرپائے ہیں لیکن آج انہوں نے ٹوئنٹی 20 میں پہلی ٹرپل سنچری اسکور کرنے کا ریکارڈ اپنے نام کرلیا ہے۔ ٹوئنٹی میں اس سے قبل ویسٹ انڈیز کے بیٹسمن کرس گیل نے انڈین پریمیئر لیگ میں رائل چیالنجر بنگلور کی نمائندگی کرتے ہوئے بنگلور میں پونے واریئرس کے خلاف منعقدہ مقابلے میں 175 رنز اسکور کئے ہیں اور یہ کارنامہ انہوں نے 2013ء میں چنا سوامی اسٹیڈیم میں انجام دیا۔ دریں اثناء بین الاقوامی سطح پر ٹوئنٹی 20 کرکٹ میں اعظم ترین انفرادی اسکور کا ریکارڈ آسٹریلیائی اوپنر آرون فنچ کے نام ہے جنہوں نے 2013ء میں انگلینڈ کے خلاف 156 رنز کی اننگز کھیلی ہے۔

Leave a Reply

TOPPOPULARRECENT