Sunday , August 20 2017
Home / شہر کی خبریں / آندھرا پردیش کو خصوصی درجہ کا اعلان نہ کرنے پر اپوزیشن کی تنقید

آندھرا پردیش کو خصوصی درجہ کا اعلان نہ کرنے پر اپوزیشن کی تنقید

حیدرآباد۔ 22 اکتوبر (پی ٹی آئی) اپوزیشن نے آج وزیراعظم نریندر مودی پر شدید تنقید کی جنہوں نے آندھرا پردیش کے نئے دارالحکومت کا ضلع گنٹور میں سنگ بنیاد رکھا۔ ریاست کیلئے خصوصی درجہ دینے کے مطالبہ پر حکومت تلگو دیشم کی خاموشی کو بھی اپوزیشن نے نشانہ بنایا۔ وائی ایس آر کانگریس پارٹی نے اپنے ورکرس سے کہا کہ وہ کل سے مختلف مقامات پر احتجاجی مظاہرہ کریں۔ اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر وائی ایس جگن موہن ریڈی نے چیف منسٹر چندرا بابو نائیڈو پر الزام عائد کیا کہ انہوں نے عوام کی توقعات پر پانی پھیر دیا ہے۔ انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ چندرا بابو نے مرکز سے سازباز کرتے ہوئے آندھرا پردیش کو خصوصی موقف دینے کیلئے وزیراعظم پر کوئی دباؤ نہیں ڈالا۔ کانگریس نے خصوصی موقف پر وزیراعظم کی خاموشی کے خلاف احتجاج کیا اور کہا کہ کل سے احتجاج شروع کرتے ہوئے مودی کے پتلے نذرآتش کئے جائیں گے۔ رائلسیما اور شمالی ساحلی علاقوں کیلئے پیاکیج دینے مودی نے اپنی تقریر میں کچھ نہیں کہا ہے۔ آندھرا پردیش کانگریس نے اپنے بیان میں کہا کہ آندھرا پردیش کے عوام نے توقع کی تھی کہ وزیراعظم مودی خصوصی موقف کے بارے میں تیقن دیں گے اور اے پی ری آرگنائزیشن ایکٹ میں دیئے گئے تمام دفعات پر عمل آوری کا بھی اعلان کریں گے لیکن انہوں نے ریاستی عوام کو مایوس کردیا۔ کانگریس نے مودی پر الزام عائد کیا کہ انہوں نے آندھرا پردیش کے عوام کو دھوکہ دیا ہے۔ انتخابی وعدوں کو پورا نہ کرنے پر مستقبل میں انہیں اس کی بھاری قیمت چکانی پڑے گی ۔

TOPPOPULARRECENT