Sunday , September 24 2017
Home / ہندوستان / این ڈی ٹی وی پر امتناع کی ہدایت ملتوی

این ڈی ٹی وی پر امتناع کی ہدایت ملتوی

حکومت کی فراخدلی کا ثبوت : وینکیا نائیڈو ، سچائی کی فتح : کانگریس
نئی دہلی ۔ 07 نومبر ۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) حکومت نے آج این ڈی ٹی وی پر ایک دن کے امتناع کی ہدایت پر عمل آوری ملتوی کردی ۔ 2 نومبر کو وزارت اطلاعات و نشریات نے امتناع کی یہ ہدایت دی تھی ۔ چینل کی جانب سے اپیل پر امتناع کی ہدایت ملتوی کردی گئی ۔ مرکزی وزیر وینکیا نائیڈو نے کہا کہ امتناع پر عمل آوری میں التواء حکومت کی فراخدل جمہوری اقدار اور اُصولوں کے مطابق ہے ۔ دریں اثناء اہم اپوزیشن کانگریس نے آج حکومت کے فیصلے کو ’’سچائی کی فتح‘‘ قرار دیتے ہوئے اس کا خیرمقدم کیا اور کہاکہ فسطائی بی جے پی آخرکار ذرائع ابلاغ کی مشترکہ طاقت کے آگے گھٹنے ٹیکنے پر مجبور ہوگئی جبکہ وہ فوجیوں اور رائے عامہ کو بیوقوف بنانے کی کوشش کررہی تھی ۔ کانگریس کے ترجمان اعلیٰ رندیپ سرجیوالا نے کہاکہ یہ مودی حکومت کیلئے ایک سبق ہے اور زوربازو پر قلم کی فتح کے مترادف ہے ۔ مودی حکومت نے اپنی شبیہ ’’مسخ‘‘ ہوجانے کے بعد مختلف گوشوں سے اس فیصلے پر اظہاربرہمی اور اس کی سخت مخالفت کے بعد اپنا فیصلہ ملتوی کرنے پر مجبور ہوگئی ۔ وزارت اطلاعات و نشریات نے فیصلے پر نظرثانی کی درخواست کی تھی ۔ سرکاری ذرائع کے بموجب این ڈی ٹی وی کے ناظم و صدرنشین پرانو رائے نے آج ایم وینکیا نائیڈو سے ملاقات کرکے اس ہدایت کے مسئلہ پر تبادلۂ خیال کیا تھا ۔ رائے نے اس فیصلے پر نظرثانی کی اپیل کی تھی ۔ اس کے بعد وزارت نشریات مودی سے نظرثانی کی اپیل کرنے پر مجبور ہوگئی ۔ پٹھان کوٹ دہشت گردحملے کی خبر نشر کرنے پر یہ امتناع عائد کیا گیا تھا ۔

Top Stories

TOPPOPULARRECENT