Monday , October 23 2017
Home / شہر کی خبریں / جنوری سے حج 2016 درخواستوں کی اجرائی کا آغاز

جنوری سے حج 2016 درخواستوں کی اجرائی کا آغاز

سنٹرل حج کمیٹی سے کوٹہ میں اضافہ ممکن ، اسپیشل آفیسر حج کمیٹی پروفیسر ایس اے شکور کا بیان
حیدرآباد ۔ 7 ۔ ڈسمبر (سیاست نیوز) حج 2016 ء کیلئے درخواستوں کی اجرائی کا جنوری کے پہلے ہفتہ سے آغاز عمل میں آئے گا اور توقع ہیکہ سنٹرل حج کمیٹی کی جانب سے حج کوٹہ میں اضافہ کیا جاسکتا ہے ۔ اسپیشل آفیسر تلنگانہ حج کمیٹی پروفیسر ایس اے شکور نے بتایا کہ سنٹرل حج کمیٹی حج سیزن کے شیڈول کو قطعیت دے رہی ہے اور کمیٹی نے اطلاع دی کہ جنوری کے پہلے ہفتہ سے درخواستوں کی اجرائی کا آغاز کیا جائے گا ۔ انہوں نے بتایا کہ ریاستی حکومت اور حج کمیٹی کی جانب سے نمائندگی کی گئی کہ کوٹہ الاٹمنٹ 2011 ء مردم شماری کی بنیاد پر کیا جائے۔ مرکزی حکومت نے اس تجویز سے اتفاق کرلیا ہے اور اس پر عمل آوری کی صورت میں تلنگانہ کیلئے مزید 1000 عازمین کے کوٹہ میں اضافہ کا امکان ہے ۔ گزشتہ سال 2001 ء مردم شماری کے اعتبار سے تمام ریاستوں کو کوٹہ الاٹ کیا گیا تھا اور تلنگانہ کے ہزاروں درخواست گزاروں کو مایوسی کا سامنا کرناپڑا۔ گزشتہ سال تلنگانہ سے 2760 عازمین کو منتخب کیا گیا تھا جس کیلئے 16963 درخواستیں وصول ہوئی ہیں۔ 70 سال یا اس سے زائد عمر کے حامل عازمین اور چوتھی مرتبہ درخواست دینے والوں کا قرعہ اندازی کے بغیر انتخاب عمل میں آیا اور مابقی عازمین کیلئے قرعہ اندازی کی گئی ۔ پروفیسر ایس اے شکور نے حج 2016 ء کے خواہشمند افراد کو مشورہ دیا کہ وہ اپنا انٹرنیشنل پاسپورٹ تیار رکھیں اور جن کے پاس پاسپورٹ موجود نہیں وہ جلد سے جلد پاسپورٹ تیار کرلیں۔ انہوں نے کہا کہ پاسپورٹ پر ڈیجیٹل پرنٹ کی تحریر ہو جبکہ ہاتھ سے لکھی ہوئی تحریر کے پاسپورٹ ناقابل قبول ہیں۔ درخواستیں آن لائین داخل کرنے کی سہولت رہے گی اور انہیں فارم حاصل کرنے اور ادخال کیلئے حج ہاؤز یا ضلعی حج کمیٹیوں کے دفاتر جانے کی زحمت نہیں ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ حج کمیٹی گزشتہ کی طرح آئندہ سال بھی بہتر سے بہتر انتظامات کا منصوبہ رکھتی ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ 2015  ء کی طرح آئندہ سال بھی آندھراپردیش کے عازمین حج کی حیدرآباد سے روانگی کا امکان ہے کیونکہ آندھراپردیش میں انٹرنیشنل ایرپورٹ تعمیر نہیں کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ ڈپٹی چیف منسٹر محمد محمود علی کی خصوصی دلچسپی سے مکہ مکرمہ کی حیدرآبادی رباط میں عازمین حج کے قیام کی یکسوئی ہوئی ہے اور حج 2015 ء میں 594 عازمین کو مفت قیام اور طعام کی سہولت فراہم کی گئی۔ حکومت آئندہ سال ایک ہزار عازمین کیلئے رباط میں انتظام کرنے کا منصوبہ رکھتی ہے۔ پروفیسر ایس اے شکور نے حال ہی میں سنٹرل حج کمیٹی کے اجلاس میں حج انتظامات کے سلسلہ میں بعض تجاویز پیش کی تھیں جنہیں قبول کرلیا گیا ہے ۔

TOPPOPULARRECENT