Saturday , August 19 2017
Home / اضلاع کی خبریں / جگتیال کو کھیل کا مرکز بنانے کے اقدامات

جگتیال کو کھیل کا مرکز بنانے کے اقدامات

کرکٹ ٹورنمنٹ کے افتتاحی پروگرام سے رکن اسمبلی جیون ریڈی کا خطاب
جگتیال /17 جنوری (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) نوجوانوں میں اسپورٹس کے فروغ کے لئے جگتیال کے تاریخی قلعہ کو کھیل کا مرکز بنانے کے لئے ممکنہ اقدامات کئے جائیں گے۔ ان خیالات کا اظہار رکن اسمبلی جگتیال ٹی جیون ریڈی نے قلعہ گراؤنڈ پر چیرمین ٹینس بال چمپین ٹرافی کے افتتاحی پروگرام میں بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انھوں نے کہا کہ قلعہ کی ترقی کے لئے سابق میں اقدامات کئے گئے تھے، جس کے لئے 40 لاکھ روپئے فنڈس کی منظوری عمل میں آئی تھی، لیکن بعض وجوہات سے 20 لاکھ روپئے کا ہی کام انجام دیا گیا اور 20 لاکھ روپئے الیکٹریکل ورکس کے لئے رکھے گئے تھے۔ لہذا بہت جلد قلعہ میں بورویل کی تنصیب اور کھیل کے فروغ کے لئے ممکنہ سہولتیں فراہم کی جائیں گی۔ چیرمین بلدیہ وجیہ لکشمی نے ٹورنمنٹ کے انعقاد پر وائس چیرمین بلدیہ سراج الدین منصور کی ستائش کی۔ اس موقع پر سراج الدین منصور نے کہا کہ اس ٹورنمنٹ کے انعقاد کا مقصد نوجوانوں میں کرکٹ اور دیگر کھیلوں کو فروغ دینا ہے۔ اس کرکٹ ٹورنمنٹ میں جملہ 18 ٹیمیں شامل ہیں، جیتنے والوں کو 50 ہزار روپئے نقد کے علاوہ ٹرافی بھی دی جائے گی اور رنر ٹیم کو 25 ہزار کے ساتھ رنر ٹرافی دی جائے گی۔ اس موقع پر ریاض الدین ماما صدر ملت اسلامیہ جگتیال، سابق چیرمین بلدیہ گری ناگا بھوشنم، منڈل پریسیڈنٹ جی مانسہ، محمد مجیب الدین صدر آئی این ٹی یو سی، کتہ موہن، لیاقت علی محسن، بنڈا شنکر اور محمد امین الدین نے بھی خطاب کیا۔ اس موقع پر وارڈ کونسلرس منیر الدین منا، کمال، محمد شکیل، راجندر، سرینواس، پی راجو کے علاوہ عبد الستار، دیویندر ریڈی اور دیگر بھی موجود تھے۔ جلسہ کی کارروائی محمد اظہر الدین کوآپشن ممبر نے چلائی۔ قلعہ گراؤنڈ کو ٹورنمنٹ کے لئے بہترین سجایا گیا تھا۔ اس موقع پر رکن اسمبلی نے فرینڈلی میچ کا ٹاس ڈال کر افتتاح کیا۔

TOPPOPULARRECENT