Sunday , October 22 2017
Home / شہر کی خبریں / سرکاری سطح پر کرسمس تقاریب، 15 کروڑ 37 لاکھ روپیوں کی اجرائی

سرکاری سطح پر کرسمس تقاریب، 15 کروڑ 37 لاکھ روپیوں کی اجرائی

یتیم بچے اور اولڈ ایج ہوم کے ضعیف افراد تقاریب میں شامل، ٹنڈر کمیٹی کی تشکیل اور پروگرام کیلئے جی او جاری
حیدرآباد۔/5ڈسمبر، ( سیاست نیوز) تلنگانہ حکومت نے کرسمس تقاریب کو سرکاری طور پر منانے کیلئے 15کروڑ 37لاکھ روپئے جاری کئے ہیں جس کے تحت ریاست کے 195 مقامات پر غریب عیسائی خاندانوں میں ملبوسات تقسیم کئے جائیں گے۔ سکریٹری اقلیتی بہبود سید عمر جلیل نے ٹنڈر کمیٹی کی تشکیل اور پروگراموں کی تفصیلات پر مشتمل جی او جاری کیا جس کے مطابق حکومت نے 19ڈسمبر کو کرسمس فیسٹول کے ضمن میں گریٹر حیدرآباد کے 100چرچس، گرجا گھروں اور 95اسمبلی حلقوں میں مختلف پروگرام منعقد کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ 5000 یتیم بچوں اور 5000 اولڈ ایج ہوم کے ضعیف افراد کو بھی ان تقاریب میں شامل کیا جائے گا۔ ہر گرجا گھر میں 1000افراد کو مفت کھانے کا انتظام کیا جائے گا۔ مختلف انتظامات کے سلسلہ میں ٹنڈر کمیٹی تشکیل دی گئی ہے جس میں ڈائرکٹر اقلیتی بہبود کو صدرنشین نامزد کیا گیا جبکہ مختلف اداروں کے عہدیدار بحیثیت ارکان شامل رہیں گے۔ 16ڈسمبر کو مقررہ مراکز پر غریب عیسائی خاندانوں میں ملبوسات تقسیم کئے جائیں گے۔ رمضان المبارک کی طرح کرسمس کو بھی حکومت نے سرکاری سطح پر منانے کا فیصلہ کیا ہے۔ گریٹر حیدرآباد کے 100مقامات پر فی کس ایک ہزار افراد کے کھانے کے انتظام کے سلسلہ میں 2کروڑ روپئے مختص کئے گئے جبکہ 95اسمبلی حلقوں میں کھانے کے انتظام پر ایک کروڑ 90لاکھ روپئے خرچ کئے جائیں گے۔ 5ہزار یتیم بچوں اور 5ہزار بے سہارا ضعیف العمر افراد کے کھانے کے انتظام پر 20لاکھ روپئے خرچ کئے جائیں گے۔ گریٹر حیدرآباد میں 100مقامات پر فی کس ایک ہزار افراد میں کپڑوں کی تقسیم کیلئے 5 کروڑ 50لاکھ اور 95اسمبلی حلقوں میں ملبوسات کی تقسیم کیلئے 5 کروڑ 77لاکھ روپئے خرچ کئے جائیں گے۔ حکومت نے پہلے ہی اس سلسلہ میں بجٹ جاری کردیا ہے۔ ٹنڈر کمیٹی کو شفافیت کے ساتھ ٹنڈرس کا عمل مکمل کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ منیجنگ ڈائرکٹر تلنگانہ کرسچین کارپوریشن ٹنڈر کمیٹی کے کنوینر ہوں گے۔

TOPPOPULARRECENT