Monday , August 21 2017
Home / شہر کی خبریں / کانگریس پارٹی کرپشن کی یونیورسٹی : کے ٹی آر وزیر آئی ٹی

کانگریس پارٹی کرپشن کی یونیورسٹی : کے ٹی آر وزیر آئی ٹی

ٹی آر ایس پارٹی پر الزامات بے بنیاد، پالیرو میں کانگریس کو شکست کا خوف
حیدرآباد۔/14مئی، ( سیاست نیوز) وزیر انفارمیشن ٹکنالوجی کے ٹی راما راؤ نے الزام عائد کیا کہ کانگریس پارٹی کرپشن کی یونیورسٹی ہے اور وہ ٹی آر ایس پر بے بنیاد الزامات عائد کررہی ہے۔ کھمم کے پالیرو اسمبلی حلقہ میں ٹی آر ایس کی انتخابی مہم کے دوران میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کے ٹی آر نے کہا کہ کانگریس پارٹی شکست کے خوف سے بوکھلاہٹ کا شکار ہے اور ٹی آر ایس حکومت پر من مانی الزامات عائد کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کرپشن کی یونیورسٹی خود کانگریس پارٹی ہے اور اسے ہر کوئی کرپٹ  نظر آرہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس یونیورسٹی میں کرپشن پر کئی قائدین نے پی ایچ ڈی کیا انہیں میں سے اتم کمار ریڈی شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس پارٹی میں طویل عرصہ تک خدمات انجام دینے قائدین آج مختلف معاملات میں کرپشن کے الزامات کا سامنا کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کرپشن کے الزامات کے تحت سی بی آئی تحقیقات کا سامنا کرنے والے افراد آج کرپشن کے خلاف اظہار خیال کررہے ہیں۔ کے ٹی آر نے کہا کہ ان پر کرپشن کا الزام عائد کرنا ٹھیک نہیں ہے اور وہ یہ معاملہ الزامات عائد کرنے والوں کے ضمیر پر چھوڑتے ہیں کہ کس حد تک انہوں نے سچ بات کہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ میں اب تک جتنے بھی ضمنی انتخابات ہوئے ان میں شکست کے باوجود کانگریس پارٹی نے شکست کو تسلیم نہیں کیا۔ ہر الیکشن میں کانگریس کی ضمانت ضبط ہوگئی اور کانگریس قائدین کے پاس الزام تراشی کے سوا کچھ نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ بے بنیاد الزامات عائد کرنا کانگریس کی عادت بن چکی ہے۔ کھمم کے ضمنی انتخابات میں کبھی پارٹی تو کبھی عہدیداروں اور اب EVM مشینوں کی کارکردگی پر الیکشن کمیشن سے شکایت کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن نے کھمم کے ضلع کلکٹر اور ایس پی کا تبادلہ کیا ہے اور آزادانہ و منصفانہ رائے دہی کیلئے تمام انتظامات کئے گئے ہیں۔ انہوں نے ای وی ایم مشینوں کی کارکردگی کے بارے میں اندیشوں کے اظہار کو بے بنیاد قرار دیا۔ کے ٹی آر نے کہا کہ پالیرو اسمبلی حلقہ کے ضمنی انتخاب میں افراد کے درمیان مقابلہ نہیں بلکہ دو پارٹیوں کے درمیان مقابلہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ ٹی آر ایس کو شکست دینے کیلئے کانگریس اور تلگودیشم نے اتحاد کرلیا ہے۔ کے ٹی آر نے کہا کہ کانگریس پالیرو اسمبلی حلقہ سے 12مرتبہ منتخب ہوئی ہے لیکن عوام کی بھلائی کیلئے اس نے کچھ نہیں کیا۔ ٹی آر ایس نے اقتدار کے اندرون دو ماہ مختلف فلاحی اسکیمات پر کامیابی سے عمل کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر کی قیادت میں کھمم ضلع مثالی ضلع کی طرح ترقی کرے گا۔ انہوں نے اعلان کیا کہ پالیرو اسمبلی حلقہ کو ترقیافتہ حلقہ میں تبدیل کرنے کیلئے تمام بنیادی سہولتیں فراہم کی جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ مخالف تلنگانہ موقف کے باعث وائی ایس آر کانگریس کے رکن پارلیمنٹ سرینواس ریڈی اور ارکان اسمبلی نے ٹی آر ایس میں شمولیت اختیار کرلی۔

TOPPOPULARRECENT