Tuesday , October 24 2017
Home / شہر کی خبریں / ’’کیا بی جے پی قائدین کے سوا تمام ہندوستانی غدار ہیں؟‘‘

’’کیا بی جے پی قائدین کے سوا تمام ہندوستانی غدار ہیں؟‘‘

اقلیتوں اور دلتوں کے بعد کمیونسٹوں پر حملے ناقابل برداشت : سدھاکر ریڈی
حیدرآباد۔22 فبروری ( این ایس ایس )  سی پی آئی کے قومی سکریٹری ایس سدھاکر ریڈی نے آج دریافت کیا کہ آیا بی جے پی قائدین کے سوا دیگر تمام ہندوستانی غدار یا دھوکہ باز ہیں ؟ ۔ انہوں نے اس مسئلہ پر بی جے پی اور آر ایس ایس قائدین کی سخت مذمت کرتے ہوئے الزام عائد کیا کہ سنگھ پریوار کے قائدین نے تحریک آزادی میں حصہ نہیں لیا تھا اور اب کمیونسٹوں کی حب الوطنی پر سوال اٹھا رہے ہیں ۔ سدھاکر ریڈی نے سی پی آئی کے ریاستی ہیڈ کوارٹرس مخدوم بھون میں ایک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کی مذمت کرنے والوں سے بی جے پی اور آر ایس ایس کے قائدین ملک چھوڑ دینے کا مطالبہ کررہے ہیں ‘ حالانکہ ملک کے اصل غدار تو بی جے پی اور آر ایس ایس قائدین ہی ہیں ۔ کمیونسٹ لیڈر نے کہا کہ اقلیتوں اور دلتوں پر حملے کرنے والے بی جے پی اور آر ایس ایس کارکن اب کمیونسٹوں پر بھی حملوں پر اتر آئے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ مہاتما گاندھی کے قاتل گوڈسے کا مجمسہ نصب کرنے کا مطالبہ کرنے والے ساکشی مہاراج سے سوال کرنے کی بی جے پی قائدین میں ہمت نہیں ہیں ۔ سدھاکر ریڈی نے الزام عائد کیا کہ جے این یو اسٹوڈنٹس یونین کے صدر کنہیا کمار کے خلاف جھوٹا مقدمہ درج کیا گیا ہے ۔ انہوں نے مرکزی حکومت کے انتقامی رویہ کے خلاف سی پی آئی کی جدوجہد جاری رہے گی ۔ سدھاکر ریڈی نے دعویٰ کیا کہ نریندر مودی ’’ چائے والا‘‘ نہیں ہیں بلکہ وہ ایک ہوٹل مالک کے بیٹے ہیں ۔ کمیونسٹ لیڈر نے الزام عائد کیا کہ این ڈی اے حکومت صرف کارپوریٹس سرمایہ کاروں اور صنعت کاروں کے لئے کام کررہی ہیں ۔ مودی حکومت تاحال 10لاکھ کروڑ روپئے اپنی جیب میں اتار چکی ہے ۔ سدھاکر ریڈی نے کہا کہ مودی حکومت کو اقتدار سے بیدخل کرنے کیلئے کوئی سازش نہیں کی جارہی ہیں بلکہ صرف کارپوریٹس ہی مودی حکومت کی اقتدار سے بیدخلی کی سازش تیار کرسکتے ہیں ۔

TOPPOPULARRECENT