Thursday , October 19 2017
Home / شہر کی خبریں / ایمرجنسی کا نفاذ غلط ، آر ایس ایس کو جمہوری فائدہ

ایمرجنسی کا نفاذ غلط ، آر ایس ایس کو جمہوری فائدہ

مودی اور جیٹلی جیسے افراد فطرتاً جمہوریت پسند نہیں ، جئے رام رمیش کا ریمارک
حیدرآباد 20 اکٹوبر (پی ٹی آئی) ایمرجنسی کا ’’تباہ کن اثر‘‘ یہ رہا کہ آر ایس ایس کو جمہوری فائدہ حاصل ہوا اور وہ ہندوستانی سیاست کے دھارے میں شامل ہوگئی۔ سینئر کانگریس لیڈر جئے رام رمیش نے آج یہ ریمارک کیا اور ایمرجنسی کے نفاذ کو اُس وقت کی وزیراعظم اندرا گاندھی کی ’’غلط حرکت‘‘ قرار دیا۔ جئے رام رمیش نے کہاکہ اُن کی شخصی رائے یہ ہے کہ ایمرجنسی نے کانگریس کے وقار کو نقصان پہنچایا کیوں کہ اُس نے پارلیمانی جمہوریت کا گلا گھونٹ دیا تھا جبکہ اس کے جمہوری فائدے وزیراعظم نریندر مودی اور مرکزی وزیر ارون جیٹلی جیسے افراد کو حاصل ہوئے جو فطرتاً جمہوریت پسند نہیں ہیں۔ سابق مرکزی وزیر نے کہاکہ ایمرجنسی نے ہندوستانی سیاست پر جو تباہ کن اثر مرتب کیا وہ یہی تھا کہ آر ایس ایس ہندوستانی سیاست کے مرکزی دھارے میں شامل ہوگئی۔ اس کے علاوہ مودی اور جیٹلی جیسے لوگ جمہوریت کا سہرا اپنے سر باندھنے لگے حالانکہ وہ فطرتاً جمہوریت پسند نہیں ہیں۔ اُنھوں نے کہاکہ محض ایمرجنسی کی وجہ سے بی جے پی جیسی سب سے زیادہ عدم روادار پارٹی کو جمہوری فائدے حاصل ہونے لگے۔ اُنھوں نے کہاکہ یہ نہرو کی پالیسیوں کا اثر تھا جس کی بناء اندرا گاندھی کو نہ صرف انتخابات کرانے کا حکم دینا پڑا بلکہ عوامی رائے کو بھی تسلیم کرنا پڑا۔ چنانچہ اندرا گاندھی جنھوں نے ایمرجنسی کا فیصلہ سنایا تھا بعد میں 1977 ء کے اوائل میں اُنھوں نے ہی انتخابات کرائے اور عوامی فیصلہ کا احترام کیا۔ اِس تناظر میں وہ سمجھتے ہیں کہ نہرو کی دختر پر اُن کے والد کی پالیسیوں کا اثر قائم تھا چنانچہ اُنھیں اِس حقیقت کو نہ صرف تسلیم کرنا پڑا بلکہ اُنھوں نے انتخابات بھی کرائے۔ کانگریس کے راجیہ سبھا رکن نے کہاکہ ایمرجنسی اِس لحاظ سے غلط تھی کہ جس پارٹی نے ہندوستان میں پارلیمانی جمہوریت کے قیام کے ذریعہ ایک مقام حاصل کیا اُسی نے ایمرجنسی کے دوران جمہوریت کا قتل کیا۔ وہی اندرا گاندھی جنھیں شکست ہوچکی تھی جنوری 1980 ء میں اقتدار پر دوبارہ واپس آگئیں، یہی جمہوریت ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ آر ایس ایس کا پارلیمانی جمہوریت پر یقین نہیں ہے لیکن افسوسناک پہلو یہ ہے کہ ایمرجنسی کے جو تاریخی حالات اور واقعات پیش آئے اِس کے نتیجہ میں اُنھیں جمہوری فائدے حاصل ہونے لگے۔

TOPPOPULARRECENT