Saturday , August 19 2017
Home / شہر کی خبریں / تلنگانہ وآندھرا کے چیف منسٹروں کو نشانہ بنانے کی دھمکی

تلنگانہ وآندھرا کے چیف منسٹروں کو نشانہ بنانے کی دھمکی

تلگو زبان میں دھمکی آمیز مکتوب موصول : وشاکھا پٹنم ائرپورٹ کو بھی دھماکہ سے اڑانے کا انتباہ
حیدرآباد 12 اکٹوبر ( پی ٹی آئی ) حکام کو ایک نامعلوم مکتوب موصول ہوا ہے جس میں انتباہ دیا گیا ہے کہ تلنگانہ اور آندھرا پردیش کے چیف منسٹروں کو نشانہ بنایا جائیگا اور وشاکھاپٹنم ائرپورٹ کے بشمول اہم تنصیبات کو دھماکہ سے اڑا دیا جائیگا ۔ اس مکتوب کے ملنے کے بعد حکام نے دونوں ریاستوں میں سکیوریٹی کو سخت کردیا ہے ۔ وشاکھاپٹنم کے پولیس کمشنر امیت گرگ نے توثیق کی کہ وشاکھاپٹنم ائرپورٹ کے حکام کو یہ مکتوب چند دن قبل موصول ہوا تھا ۔ کہا گیا ہے کہ یہ مکتوب تلگو زبان میں تحریر کیا گیا ہے اور اسے مبینہ طور پر تلنگانہ کے عادل آباد ٹاؤن سے پوسٹ کیا گیا ہے ۔ یہ مکتوب بذریعہ ڈاک وشاکھا پٹنم ائرپورٹ کے ڈائرکٹر کو روانہ کیا گیا تھا جس میں دونوں ریاستوں کے چیف منسٹروں کو نشانہ بنانے کا انتباہ دیا گیا تھا ۔ مکتوب میں کہا گیا ہے کہ وشاکھاپٹنم ائرپورٹ کے علاوہ ستیش دھون اسپیس سنٹر ( جو سری ہری کوٹہ نیلور ضلع میں واقع ہے ) کو بھی نشانہ بنایا جائیگا ۔ اس کے علاوہ آندھرا پردیش میں کچھ بندرگاہوں کو بھی نشانہ بنایا جائیگا ۔ ایک سینئر پولیس عہدیدار نے یہ بات بتائی ۔ ایک اور سینئر پولیس عہدیدار نے کہا کہ اس دھمکی آمیز مکتوب کو دیکھتے ہوئے ائرپورٹ میں اور اس کے اطراف میں سکیوریٹی کو سخت کردیا گیا ہے ۔ یہاں اضافی پولیس دستے متعین کردئے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس سلسلہ میں انٹلی جنس اطلاعات کو جمع کیا جا رہا ہے ۔

TOPPOPULARRECENT