Saturday , September 23 2017
Home / کھیل کی خبریں / ریکارڈتوڑنے پر بیٹوں کو فیراری دینے کا وعدہ

ریکارڈتوڑنے پر بیٹوں کو فیراری دینے کا وعدہ

نئی دہلی۔3 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام ) ہندوستان کرکٹ ٹیم کے سابق اوپنر وریندرسہواگ نے اپنے بیٹوں سے کرکٹ میں انکے  319 رنز کے ریکارڈ کو عبور کرنے پر فیراری تحفہ دینا کاوعدہ کیا ہے۔ ہندوستان کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) نے دہلی کے فیروز شاہ کوٹلہ اسٹیڈیم میں جنوبی افریقہ کے خلاف سیریز کے آخری میچ سے قبل ایک وداعی تقریب کا اہتمام کیا۔ تفصیلات کے مطابق وریندر سہواگ نے کہا ہے کہ میں نے اپنے بیٹوں سے وعدہ کیا ہے کہ اگر وہ کرکٹ کی کسی سطح پر بھی 319 رنز کا ریکارڈ توڑیں گے تو انھیں فیراری کا تحفہ دوں گا۔ سہواگ کے لئے منعقدہ  تقریب میں ان کی اہلیہ  اور دونوں بیٹے بھی شریک تھے جبکہ بی سی سی آئی کے سیکرٹری انوراگ ٹھاکر کے علاوہ ہندوستان اور جنوبی افریقہ کی ٹیمیں بھی موجود تھیں۔ سہواگ نے کھیل شروع کرنے کے ابتدائی دنوں کا تذکرہ کرتے  ہوئے کہا کہ میں بس روٹ نمبر 817 میں نجف گڑھ سے کوٹلہ کے قریب شہید بگھت سنگھ ٹرمینل تک سفر کرتا تھا اور اسی دوران میرے ایک دوست نے پہلی مرتبہ  اسکوٹر خریدنے میں میری مدد کی۔

سہواگ پہلے ہندوستانی بیٹسمین  ہیں جنھوں نے ٹسٹ کرکٹ میں ٹرپل سنچری بنائی لیکن انھوں نے چارسو رنز کی اننگز نہیں کھیل سکنے کا افسوس کیا۔ انہوں نے کہا جب میں نے 309 رنز بنائے تھے اس وقت برائن لارا کا ریکارڈ توڑنے کا بہترین موقع تھا لیکن بدقسمتی سے وہ ضائع ہوگیا۔ سہواگ نے 309 رنز2004 میں پاکستان کے خلاف ملتان میں بنائے تھے جبکہ جنوبی افریقہ کے خلاف 2008 میں چینائی میں 319 رنز کی اننگز کھیلی تھی جبکہ  وہ سری لنکا کے خلاف 2009 میں 293 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے تھے۔ اس طرح انھیں ہندوستان کی جانب سے تین بڑی اننگز کھیلنے کا بھی اعزاز حاصل ہے۔ وریندرسہواگ نے حال ہی میں کرکٹ سے سبکدوشی کا اعلان کیا ہے لیکن سبکدوشی سے قبل  انھوں نے ہندوستان کی جانب سے 104 ٹسٹ، 251 ونڈے اور 19  ٹوئنٹی20 مقابلے کھیلے ہیں۔ سہواگ نے ٹسٹ میں 23 سنچریوں اور 32 نصف سنچریوں کی مدد سے 8,586 رنز بنائے اور 40 وکٹیں بھی حاصل کیں۔ ونڈے میں 15 سنچریوں اور 38 نصف سنچریوں کی مدد سے 8273  رنز جبکہ بولنگ میں 96 وکٹیں اپنے نام کیں جبکہ  ٹوئنٹی20  کرکٹ میں 21.88 کی اوسط سے394 رنز بنائے۔

Top Stories

TOPPOPULARRECENT