Saturday , September 23 2017
Home / Top Stories / ہند ۔ پاک مشیران قومی سلامتی کی بنکاک میں خوشگوار ملاقات

ہند ۔ پاک مشیران قومی سلامتی کی بنکاک میں خوشگوار ملاقات

جموں و کشمیر ، سکیورٹی اور دہشت گردی کے مسائل پر تبادلہ خیال کے بعد مشترکہ اعلامیہ جاری
نئی دہلی۔ 6 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستان اور پاکستان کے قومی سلامتی مشیروں نے بنکاک میں آج اپنی ملاقات کے دوران سکیورٹی، دہشت گردی اور جموں و کشمیر کے مسائل پر تبادلہ خیال کیا۔ اس موقع پر دونوں ملکوں کے معتمدین خارجہ بھی موجود تھے۔ قومی سلامتی کے مشیر اجیت دوول اور ان کے پاکستانی ہم منصب ناصر جنجوعہ نے لائن آف کنٹرول پر امن و دوستی کے بشمول دیگر مسائل پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ پیرس میں ’’ماحولیاتی تبدیلی‘‘ کے عنوان پر حالیہ منعقدہ چوٹی کانفرنس میں وزیراعظم نریندر مودی اور ان کے پاکستانی ہم منصب نواز شریف کی ملاقات کے بعد مشیرانِ قومی سلامتی کی سطح پر یہ بات چیت ہوئی جس کے بعد جاری مشترکہ اعلامیہ میں کہا گیا کہ ’’جانبین نے ایک خوشحال جنوبی ایشیا، امن و استحکام کیلئے دونوں قائدین کی بصیرت سے رہنمائی حاصل کی ہے‘‘۔ مشترکہ اعلامیہ میں مزید کہا گیا ہے کہ خوشگوار، دوستانہ اور تعمیری ماحول میں بات چیت کی گئی۔ جانبین نے تعمیری سعی پر پیشرفت سے اتفاق کیا۔ یہ اجلاس خود ایک اہم پیشرفت ہے کیونکہ رواں سال ستمبر کے اوائل کے دوران دونوں ملکوں کی ایک دوسرے پر الزام تراشی کے سبب مشیرانِ قومی سلامتی کے مقررہ مذاکرات منسوخ کردیئے گئے تھے اور باہمی اقدامات کا وہ عمل تعطل کا شکار ہوگیا تھا جس سے جولائی کے دوران روسی شہر اوفا میں مودی اور شرف نے اتفاق کیا تھا۔

TOPPOPULARRECENT