ادارہ سیاست کی جانب سے مسلم نعشوں کی تدفین

   

حیدرآباد ۔ 5 ۔ مارچ : ( سیاست نیوز ) : جناب عامر علی خاں نیوز ایڈیٹر روزنامہ سیاست کو سکندرآباد ریلوے پولیس اسٹیشن کا مراسلہ وصول ہوا ۔ جس میں مسلم نعش کی تدفین کی درخواست کی گئی ۔ اس کے علاوہ مزید 8 درخواستیں حیدرآباد سکندرآباد کے مختلف پولیس اسٹیشنوں سے تدفین کی غرض سے وصول ہوئیں ۔ جملہ 9 مسلم نعشوں کی کوکٹ پلی قبرستان میں شیخ عبدالعزیز صدر عیدگاہ و صدر مسجد محمدیہ کی نگرانی میں تدفین عمل میں لائی گئی ۔ نماز جنازہ مولانا سید خواجہ معز الدین اشرفی خلف حضرت علامہ مدنی میاں اشرفی الجیلانی مدظلہ نے پڑھائی جبکہ سید حفیظ اشرفی امام و خطیب جامع مسجد محمدیہ کشن باغ نے دعائے مغفرت کی ۔ محمد شجاعت عطاری جو نماز جنازہ میں شریک تھے کہا جب میں نماز جنازہ میں حاضر رہنے کے بعد گھر لوٹتا ہوں تو مجھے دکھ کے ساتھ مسرت بھی ہوتی ہے ۔ اللہ پاک ملت فنڈ میں تعاون کرنے والوں کو اجر عظیم عطا فرمائے ۔ بشریٰ تبسم ، سید عبدالمنان ، محمد عبدالجلیل نے ورثا کے لیے دعا کی کہ وہ جہاں بھی ہوں اللہ پاک ان کو صبر عطا فرمائے ۔ ایڈیٹر سیاست کو اللہ پاک حیات اور صحت عطا فرمائے آمین ۔ ایڈیٹر سیاست جناب زاہد علی خاں صاحب نے شیخ عبدالعزیز صدر عیدگاہ کوکٹ پلی فیز IV و اہلیان محلہ کا تعاون کرنے پر شکریہ ادا کیا ۔ ڈاکٹر تقی الدین نے غسل کے فرائض کی نگرانی کی ۔۔