اپوزیشن اتحاد کی کوششیں چندرا بابو نائیڈو کی راہول گاندھی سے ملاقات

,

   

حیدرآباد 8 جنوری (سیاست نیوز) صدر تلگودیشم و چیف منسٹر اے پی چندرابابو نائیڈو نے آج دہلی میں صدر کانگریس راہول گاندھی سے ملاقات کی اور مختلف اُمور و ملک کی موجودہ سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔ نائیڈو آج دہلی کے دورہ پر روانہ ہوئے تھے، دہلی میں انہوں نے صدر کانگریس راہول گاندھی کی قیامگاہ پہونچ کر ملاقات کی۔ بتایا جاتا ہے کہ 9 ڈسمبر کو دہلی میں منعقدہ اپوزیشن قائدین کے اجلاس اور تمام غیر بی جے پی جماعتوں کو متحد کرنے کی کوششوں کے طور پر نائیڈو آج دہلی روانہ ہوئے۔ چندرابابو نائیڈو اپنے قیام دہلی کے دوران صدر این سی پی شردپوار، قائد نیشنل کانفرنس فاروق عبداللہ، چیف منسٹر دہلی اروند کجریوال، جنرل سکریٹری قومی سی پی ایم سیتارام یچوری و دیگر قائدین سے ملاقات کریں گے ۔ وہ 19 جنوری کو کولکتہ میں منعقد جلسہ عام کے بعد ملک بھر میں احتجاجی ریالیوں سے متعلق تبادلہ خیال کریں گے۔ بتایا جاتا ہے کہ قومی قائدین سے بات چیت کے بعد تلگودیشم ارکان پارلیمان سے ملاقات کرکے پارلیمنٹ کے حالات اور سیاسی حالات پر تبادلہ خیال کرکے انہیں ہدایات دیں گے۔ بتایا جاتا ہے کہ نائیڈو ملک بھر میں بی جے پی حکومت کے خلاف احتجاجی ریالیوں کو کامیاب بنانے قومی قائدین کے ساتھ حکمت عملی کے ساتھ اقدامات کرنے کی ضرورت پر زور دیں گے تاکہ ان احتجاجی ریالیوں سے ملک بھر میں مثبت اثرات مرتب ہوسکیں۔