بیت المقدس ،مسجد اقصیٰ کی حرمت کا تحفظ اور غزہ کے مسلمانوں پر ظلم روکنا فرض

   

علامہ سید شاہ عبدالمعز حسینی قادری شرفی ، علامہ سید شاہ محمد قادری ملتانی، علامہ اقبال احمد رضوی کامشترکہ بیان

حیدرآباد۔29/اکٹوبر ( راست ) قرآن مجید اور کئی احادیث شریفہ سے بیت المقدس ، مسجد اقصیٰ کی حرمت واضح دلیلوں کے ساتھ تمام مسلمانوں کے سامنے ظاہر ہیں ۔ مسجد اقصیٰ عالم اسلام کے مسلمانوں کیلئے حرم شریف اور مدینۃ المنورہ کے بعد سب سے زیادہ حرمت والا مقام ہے ۔ یہی وہ مقام ہے جہاں نبی پاک ﷺ نے رب تعالیٰ کے حکم سے اپنے سفر معراج کا آغاز فرمایا ۔ اس کی عظمت اس لئے بھی زیادہ ہے کہ یہاں کئی انبیاء و مرسلین و اولیائے کاملین کے مقدس مزارات ہیں ۔ ان خیالات کا اظہار کل ہند مرکزی رحمت عالم کمیٹی کے ہنگامی اجلاس منعقدہ قادریہ اسلامک سنٹر ، دبیر پورہ سے حضرت سید شاہ عبدالمعز حسینی قادری شرفی نے کیا ۔ انہوں نے مزید کہا کہ جن فلسطینی مسلمانوں نے ان درماندہ اور بے گھر یہودیوں کو اپنے وطن میں رہنے کی جگہ دی آج انہی فلسطینی مسلمانوں کی یہ یہودی نسل کشی کررہے ہیں ۔ نبی پاک ﷺ کا ارشاد ہے کہ ایک مسلمان دوسرے مسلمان کا بھی ہے تو پھر تمام عرب ممالک کلمہ کی بنیاد پر فلسطینی مسلمانوں کے حقوق کیلئے عالمی طور پر صدائے احتجاج بلند کرتے ہوئے ظالم اسرائیلی حکومت اور دنیا کا بدترین دہشت گرد جو اسرائیل کا وزیر اعظم نیتن یاہو ہے جس کے ہاتھ نہ جانے کتنے ہی معصوم و مظلوم شہداء کے خون سے رنگے ہوئے ہیں اس کو سخت سے سخت سزا دلوانے کیلئے انٹرنیشنل کورٹ میں مقدمہ دائر کریں اور اسرائیل کا مکمل طور پر بائیکاٹ کرتے ہوئے انکے سفیروں کو اپنے ملکوں سے نکال باہر کریں اور انکے بدترین پروڈکٹس جس کا مقصد مسلمانوں کے دلوں سے ایمان کو ختم کرنا ہے ان پروڈکٹس کا مکمل بائیکاٹ کردیں ۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے حضرت علامہ سید شاہ محمد قادری ملتانی نے کہا کہ ظالم اور غاصب اسرائیل کی جانب سے غزہ کے مسلمانوںپر مسلسل 20دن سے جاری بمباری اور ظلم و بربریت انسانیت کو شرمندہ کرنے والا عمل ہے اور مسلم ممالک کا اسرائیل کو صرف خوف دلانا سارے عالم کے مسلمانوں میں بے چینی کا سبب بنا ہوا ہے ۔ جہاں اسرائیل اور امریکہ مل کر معصوم ومظلوم فلسطینی مسلمانوں کی نسل کشی کررہے ہیں وہاں تمام عرب و مسلم ممالک صرف قراردادوں پر اکتفاء کرکے معصوموں کی شہادتوں کا تماشہ دیکھ رہے ہیں کیا یہ ان مسلمانوں کے ایمان کی کمزوری کا نتیجہ نہیں ؟ آج ساری دنیا میں مسلمانوں پر جاری ظلم و بربریت تمام عالم کے مسلمانوں کیلئے عبرت کا مقام رکھتا ہے۔ علامہ اقبال احمد رضوی القادری نے کہا کہ آج تمام مسلمانوں کو یہ ضروری ہوچکا ہے کہ اپنی نسلوں کو اسلامی تعلیمات ، دینی تعلیم و تربیت سے آراستہ کریں کیونکہ یہود و نصاریٰ کا مشن یہی ہے کہ مسلمانوں کے دلوں سے انکے ایمانی جذبہ کو ختم کیا جائے اور انہیں دنیا کی چکا چوند میں مبتلا کرکے آنے والی نسلوں کو مغربی تہذیب کے اثرات میں مکمل تباہ کردیا جائے ۔کیا عالم اسلام کے مسلمانوں نے دنیا کو ہی اپنی منزل آخرت سمجھ رکھا ہے ۔ یہ انتہائی افسوسناک ہے کہ اسرائیل کے غاصب یہودیوں نے جب فلسطین پر قبضہ کیا تھا اس وقت ہی عرب ممالک کی خاموشی کی وجہ سے اسرائیل آج تک نہتے و مظلوم فلسطینیوں کا خون بہا رہا ہے ۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے محمد شاہد اقبال قادری ( صدر کل ہند مرکزی رحمت عالم کمیٹی ) نے کہا کہ اسرائیل کی جانب سے غزہ کے مسلمانوں پر ظلم و بربریت عالم اسلام کے مسلمانوں کیلئے ناقابل برداشت ہوچکا ہے ۔ تمام مسلم ممالک اسرائیل کے ان مظالم کے خلاف عالمی صدائے احتجاج بلند کرتے ہوئے اسرائیل کا بائیکاٹ کریں اور تمام سفارتی تعلقات کو منقطع کرتے ہوئے انٹرنیشنل کورٹ میں مقدمات دائر کرکے اسرائیل اور امریکہ کو منہ توڑ جواب دیں ۔ اجلاس میں ، ڈاکٹر محمد عبدالنعیم فیضی نظامی ، ڈاکٹر محمد عظمت رسول ، سیداعزاز محمد ، محمد عادل اشرفی ، سید طاہر حسین قادری ، سید لئیق قادری ، محمد فیصل خان ، محمد عظیم برکاتی عبید اللہ سعدی قادری شرفی کے علاوہ اراکین نے شرکت کی ۔ آخر میں صلوٰۃ و سلام رقت انگیز دعاء پر اجلاس کا اختتام عمل میں آیا ۔