بین ریاستی رہزنوں کی ٹولی گرفتار سرقہ مال ضبط ، رچہ کنڈہ پولیس کی کارروائی

   

حیدرآباد /6 اگست ( سیاست نیوز ) رچہ کنڈہ پولیس نے ایک بین ریاستی رہزنوں کی ٹولی کو گرفتار کرلیا ۔ سی سی ایس آئی ٹی سیل اور میڑپلی پولیس نے مشترکہ کارراوئی میں اس بین ریاستی ٹولی کو گرفتار کرلیا اور ان کے قبضہ سے جملہ 18 لاکھ 70 ہزار مالیتی اشیاء کو ضبط کرلیا ۔ اس ٹولی کی گرفتاری سے 38 مقدمات کو حل کرلیا گیا ہے ۔ پولیس نے بتایا کہ 33 سالہ سید باشاہ 35 سالہ شیخ ایوب 35 سالہ شیخ محمد خالد، 28 سالہ این ششی دھر ریڈی 38 سالہ پٹھان جعفر خان ساکنان کڑپہ کو گرفتار کرلیا ۔ یہ ٹولی دونوں تلگو ریاستوں آندھراپردیش اور تلنگانہ میں مختلف مقامات پر 38 مقدمات میں ملوث ہے ۔ تروپتی وجئے واڑہ ، نیلور اور گنٹور کے علاوہ راچہ کنڈہ کے اپل ، میڑپلی حدود میں 6 وارداتیں انجام دی تھیں ۔ رہزنی اور خواتین کے گلے سے طلائی زیورات کو چھینے کے واقعات کے بعد رچہ کنڈہ پولیس نے آئی ٹی سیل کو چوکس کردیا تھا اور سی سی ایس پولیس بھی انہیں تلاش کر رہی تھی باہمی اشتراک کے سبب اس ٹولی کو بے نقاب کیا گیا جو واردات کو انجام دینے کے بعد اپنے آبائی مقام کا رخ کرتے تھے ۔ پولیس نے بالآخر اس بدنام زمانہ رہزنوں کی ٹولی کو گرفتار کرلیا ۔