تلنگانہ اور آندھراپردیش میں سردی کی لہر میں اضافہ

   

حیدرآباد 14 دسمبر (یو این آئی) دونوں تلگو ریاستوں تلنگانہ اور آندھراپردیش میں سردی کی لہر میں اضافہ ہوگیا ہے ۔ ان ریاستوں کے کئی مقامات پر دن کے مقابلہ رات کے اوقات میں سردی کی لہر درج کی جارہی ہے ۔کئی مقامات پر صبح کی اولین ساعتوں میں درجہ حرارت میں کمی ہوگئی ہے ۔ تلنگانہ کے اضلاع کے ساتھ ساتھ دارالحکومت حیدرآباد میں بھی درجہ حرارت میں گراوٹ ہوگئی ہے ۔ جنوری اور فروری میں سردی کی لہر زیادہ ہوتی ہے تاہم دسمبر میں ہی اس میں اضافہ ہوا ہے ۔ریاست کے عوام سردی سے پریشان ہیں۔فٹ پاتھس پر سونے والے افراد سردی سے کافی متاثر ہیں جو سردی سے بچنے کے لئے کمبل اور لحاف کا استعمال کررہے ہیں۔ حیدرآباد کے نیکلس روڈ،ٹینک بنڈ علاقوں میں سردی کی لہر کے سبب دشواریوں کا سامنا کرناپڑرہا ہے ۔آندھراپردیش کے بعض علاقوں میں کہر بھی دیکھی جارہی ہے جس سے راستہ صاف نظر نہیں آرہا ہے اورگاڑی سواروں کو دشواریوں کا سامنا ہے ،اس کہر کے سبب حادثات کا بھی خدشہ ہے ۔ساتھ ہی رات کے اوقات اور صبح کی اولین ساعتوں میں بس اسٹیشنس و ریلوے اسٹیشنس میں بسوں و ٹرینوں کا انتظار کرنے والے اور اپنے رشتہ داروں کو چھوڑنے کے لئے آنے والوں کو دشواریوں کا سامنا کرناپڑرہا ہے ۔سردی کے سبب سڑکوں پر رات کے اوقات میں عوام کے ہجوم میں کمی دیکھی جارہی ہے ۔لوگ صبح میں گرم لحافوں سے نکلنے سے گریز کررہے ہیں۔