جائیداد ٹیکس کی وصولی کیلئے خصوصی مہم شروع کرنے کا فیصلہ

   

نشانہ تھا 2 ہزار کروڑ کی وصولی تاحال 1650 کروڑ روپئے وصول ، ریڈ نوٹس کی بھی اجرائی
حیدرآباد ۔ 13 ۔ فروری : ( سیاست نیوز ) : گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن کی جانب سے جائیداد ٹیکس بقایہ جات کی وصولی کے لیے خصوصی منصوبہ بندی تیار کی ہے ۔ مالیاتی سال 2022-23 میں 2 ہزار کروڑ روپئے کا جائیداد ٹیکس وصول کرنے کا نشانہ مختص کیا گیا تھا جس میں تاحال 1650 کروڑ روپئے وصول ہوئے ہیں ۔ عنقریب مالیاتی سال کا اختتام ہورہا ہے ۔ جس کے تناظر میں بقایہ جات وصول کرنے کے لیے خصوصی مہم شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ طویل عرصہ سے ٹیکس ادا نہ کرنے والوں کو ریڈ نوٹس جاری کرنے کی تیاریاں کی جارہی ہیں ۔ اس سلسلے میں 4,79,690 جائیداد ٹیکس بقایہ جات رکھنے والوں کی نشاندہی کی گئی ہے ۔ ریڈ نوٹس کی اجرائی میں دی گئی مہلت میں ٹیکس ادا نہ کرنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے ۔ جاریہ مالیاتی سال کے اختتام کے لیے دو ماہ باقی ہے ۔ بقایہ جات کی وصولی کے لیے زون سطح خصوصی نشانہ مختص کیا گیا ہے ۔ ایل بی نگر سے 26.29 کروڑ چارمینار سے 52.20 کروڑ ، خیریت آباد سے 161.43 کروڑ شیر لنگم پلی سے 61.76 کروڑ کوکٹ پلی سے 35.70 کروڑ سکندرآباد سے 70 کروڑ اس طرح جملہ 6 زونس سے 407.38 کروڑ روپئے جائیداد ٹیکس وصول کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ کمشنر جی ایچ ایم سی لوکیش نے تمام زونل کمشنرس و دیگر اعلیٰ عہدیداروں کو ہدایت دی ہے کہ وہ جائیداد ٹیکس بقایہ جات کی وصولی کیلئے جو رہنمایانہ خطوط جاری کئے گئے ہیں ۔ اس پر سختی سے عمل کریں اور مقررہ وقت سے قبل مختص کردہ نشانہ کو عبور کرنے کے لیے دن رات کام کریں ۔۔ ن