حج ، عشق الہی کا مظہر، استطاعت کے باوجود عدم ادائیگی پر سخت وعید

   

گناہوں سے اجتناب ، عبادات و دعاؤں کا اہتمام کرنے کی تلقین ، نظام آباد میں تربیتی اجتماع، مقررین کا خطاب
کاماریڈی :10؍ مئی ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) محمد فیروز الدین پریس سکریٹری کے مطابق ضلع حج سوسائٹی کاماریڈی کے زیراہتمام عازمین حج کا تربیتی اجتماع NR پیالس فنکشن ہال اسلام پورہ میں منعقد ہوا، جس میں بحیثیت مہمان خصوصی مفتی مظہر قاسمی نقشبندی نے شرکت کی، اور ضلع کاماریڈی ومیدک سرسلہ کے حجاج کرام سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حج اور عمرہ کرنے والے اللہ تعالی کے مہمان ہیں، اللہ تعالی ان کی دعاؤں کو قبول کرتے ہیں، یہی نہیں حاجی جن جن کے لئے ہاتھ اٹھائیگا اللہ پاک قبول فرمائے گا، حج پچھلے سارے گناہوں کو مٹادیتا ہے، حج نہ کرنے پر وعید بیان کرتے ہوئے کہا کہ جو شخص اتنے توشہ اور سواری کا مالک ہوجائے کہ بیت اللہ تک پہنچ سکے، پھر بھی وہ حج نہ کرے تو اس کے لیے حدیث مبارکہ میں سخت وعید وارد ہوئی کہ وہ یہودی ہوکر مرے یا نصرانی اسکی اللہ کو کچھ پرواہ نہیں، انہوں نے کہا کہ حج عشق الہی کا مظہر ہے، دوران سفر حجاج زیادہ سے زیادہ اللہ کی کبریائی اور بڑائی بیان کرتے رہیں۔ شیطان عرفہ کے دن رسوائی سے اتنا ذلیل ہوتا ہے کہ مٹی اپنے منھ پر ڈال لیتا ہے، اخیر میں مشعر حرام کے فضائل کے علاوہ فضلیت مدینہ وآداب مدینہ پر خطاب کیا، مولانا زبیر مفتاحی نے بحیثیت مہمان مقرر شرکت کی اور حجاج کرام کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ یہ اعزازِ ربانی ہے کہ اپنے گھر کا مہمان بنایا خوب دلجوئی کے ساتھ اس سفر میں عبادات اور دعاؤں کا اہتمام کریں، گناہوں وغیرہ سے اجتناب کریں، حافظ محمد فہیم الدین منیری نے ضلع حج سوسائٹی کاماریڈی کی خدمات اور تفصیلات بتایا اور کہا کہ ہر سال ماہر تجربہ کار معلم الحجاج کی خدمات حاصل کیجاتی ہے، اور ان ہی کی رہبری سے بڑے اہتمام کیساتھ تربیتی پروگرامس منعقد کئے جاتے ہیں، جس سے حج جیسی اہم عبادت میں سہولت اور آسانیاں پیدا ہوجاتی ہیں، اسکے علاوہ حجاج کرام کی واپسی تک مسائل وغیرہ کیلئے جید مفتیان کرام کی ایک فعال ٹیم سے مدد لی جاتی ہے، مولانا شاہ کمال الرحمن کی وفات پر اظہار تعزیت اور دعاء مغفرت کا اہتمام کیا گیا۔ میر مبشر علی عامر آرگنائز ضلع حج سوسائٹی کاماریڈی نے تمام شرکاء بالخصوص حجاج کرام اور مالک NR فنکشن ہال کا شکریہ ادا کیا، اس موقع پر مفتی عمران خان قاسمی، مولانا منظور مظاہری، مولانا نظرالحق قاسمی، حافظ عبدالواجد علی حلیمی، حافظ محمد یوسف حلیمی انور جنرل سکریٹری سٹی جمعیۃ علماء کاماریڈی،قاری مجاہد صدیقی جنرل سکریٹری جمعیۃ علماء گمبھی راؤ پیٹ، سید منھاج، الحاج سید عظمت علی جنرل سکریٹری جمعیۃ علماء ضلع کاماریڈی، الحاج عبدالواجد علی، مرزا حفیظ بیگ، محمد سلیم الدین کے علاوہ علماء حفاظ عمائدین شہر کی کثیر تعداد موجود تھی۔