درگاہ حضرات یوسفینؒ کے انتظامات وقف بورڈ کی راست تحویل میں

   

عارضی متولی کی میعاد ختم ۔ عنقریب ترقیاتی کام : محمد سلیم

حیدرآباد ۔30 نومبر (سیاست نیوز) تلنگانہ وقف بورڈ نے درگاہ حضرات یوسفینؒ کے انتظامات کو راست اپنی تحویل میں لے لیا ہے۔ عارضی متولی کی 3 سالہ میعاد آج ختم ہوگئی جس کے بعد بورڈ نے انتظامات کو اپنی نگرانی میں لینے کا فیصلہ کیا۔ وقف بورڈ عہدیداروں کی ٹیم آج شام پولیس کے ساتھ درگاہ شریف پہونچی اور انتظامات پر کنٹرول حاصل کرلیا۔ واضح رہے کہ سید شاہ حسن شبیر محمد محمد الحسینی کو وقف بورڈ نے یکم ڈسمبر 2016 ء کو 3 سال کی مدت کے لئے عارضی متولی مقرر کیا تھا۔ تلنگانہ وقف ٹریبونل نے 3 مئی 2019 ء کو اپنے قطعی احکامات میں عارضی متولی کی میعاد 30 نومبر تک برقرار رکھے جانے کی توثیق کی۔ میعاد کی تکمیل کے بعد صدرنشین وقف بورڈ محمد سلیم نے انتظامات کو راست نگرانی میں لینے کے احکامات جاری کئے اور چیف ایگزیکٹیو آفیسر عبدالحمید نے فوری اثر کے ساتھ احکامات کی تکمیل کا فیصلہ کرتے ہوئے عہدیداروں کی ٹیم کو روانہ کیا۔ آج رات سے ہی درگاہ شریف اور اُس سے ملحقہ تمام اداروں کے انتظامات وقف بورڈ کی نگرانی میں آچکے ہیں۔ پنچ نامہ کی تکمیل کے بعد انسپکٹر آڈیٹر سید جلیل احمد کو انتظامات کا نگرانکار مقرر کیا گیا ہے۔ اِسی دوران صدرنشین وقف بورڈ محمد سلیم نے بتایا کہ بورڈ کے آئندہ اجلاس میں درگاہ کی ترقی اور زائرین کے لئے بہتر سہولتوں کی فراہمی کے منصوبہ کو قطعیت دی جائے گی۔ اُنھوں نے کہاکہ عدالت میں مقدمہ کے سبب درگاہ میں ٹائیلٹس اور وضو خانہ کی تعمیر کا کام مکمل نہیں ہوسکا۔ اِس کے علاوہ درگاہ کے دیگر حصوں میں تعمیر و مرمت کا کام باقی ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ وقف بورڈ اب اپنی راست نگرانی میں اِن کاموں کی تکمیل کرے گا۔ اُنھوں نے کہاکہ بورڈ کے اجلاس میں انتظامات کے لئے علیحدہ کمیٹی کی تشکیل کو منظوری دی جائے گی۔ محمد سلیم نے کہاکہ زائرین کی سہولت کے سلسلہ میں بورڈ کوئی کسر باقی نہیں رکھے گا اور قبرستان کا تحفظ کرتے ہوئے قبور کی بے حرمتی کو روکا جائے گا۔