سبز چائے سے جگر کے امراض کا خدشہ

   

یروشلم ۔ صاف جِلد، جسم سے مضرِ صحت مادوں کا صفایا کرنے اور وزن میں کمی کے خواہشمند افراد دن میں 2 سے 4 کپ تک سبز چائے کا استعمال کرتے ہیں لیکن اس عمل سے جسم کے اہم ترین عضوکو انتہائی نقصان پہنچ رہا ہے جس سے متعلق جاننا نہایت ضروری ہے۔سبز چائے کا استعمال انسانی جسم کے لیے انتہائی مفید قرار دیا جاتا رہا ہے، خصوصاً جو افراد وزن میں کمی چاہتے ہیں وہ دودھ والی روایتی چائے کا استعمال چھوڑکر سبز چائے کا استعال شروع کر دیتے ہیں، لیکن نئی تحقیق کے نتائج نے محققین کی آنکھیں کھول دی ہیں جس کے بعد سبز چائے کے استعمال کو ترک کرنے کی تجویز دی جا رہی ہے۔ اسرائیل کی کلیٹ ہیلتھ سروس اور کپلان میڈیکل سینٹر کی جانب سے سبز چائے پر نئی تحقیق کی گئی ہے، اس تحقیق کے نتائج پر مبنی رپورٹ جریدے گیسٹر ہپ میں شائع کی گئی ہے۔ تحقیق کے نتائج کے مطابق سبز چائے کا استعمال جگر کی سوزش سے لے کر مکمل طور پر اسے ناکارہ بنانے میں مدد گار ثابت ہوتا ہے، سبز چائے کا استعمال جگرکو نقصان پہنچا سکتا ہے۔ سبز چائے پر کی گئی تحقیق کے مطابق سبز چائے پینے کے سبب جگر پر آنے والی سوزش کے 100 سے زیادہ دستاویزی معاملات موجود ہیں، یہ سوزش چائے کے پودے میں نباتاتی زہریلے موادکی براہ راست موجودگی اور غالباً میٹابولک ردِ عمل کا نتیجہ ہے۔ تحقیق کے مطابق زیادہ سبز چائے پینا خاص طور پر خواتین میں جگرکی خرابی کا باعث بن رہا ہے۔ محققین نے اس نئی تحقیق کی روشنی میں کہا ہیکہ فی الحال یہ واضح نہیں ہوا ہے کہ سبز چائے میں پائے جانے والے کونسے اجزا جگر کو نقصان پہنچانے میں مددگار ثابت ہو رہے ہیں۔ محققین کی جانب سے اس مطالعے سے یہ نتیجہ بھی اخذ کیا گیا ہے کہ سبز چائے کے ساتھ دیگر جڑی بوٹیوں کو ملا کر پینا بھی جگر کیلئے کافی نقصاندہ ہے ۔