سرحد پار کارروائی کے پیش نظر جموں وکشمیر میں تمام فوجی تنصیبات اور ایرپورٹس ہائی الرٹ پر

   

سری نگر۔ 26 فروری (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستان کے جنگی طیاروں کی طرف سے سرحد پار پاکستان کے صوبہ خیبرپختونخواہ کے بالاکوٹ علاقے میں کاروائی کے پیش نظر جموں کشمیر میں تمام فوجی تنصیبات اور ہوائی اڈوں کو ہائی الرٹ پر رکھا گیا ہے ۔ایک مقامی روزنامے نے اعلیٰ سیکورٹی عہدیدار کے حوالے سے کہا ہے کہ یہ معمول کا ایک عمل ہے اورملک بھر میں بشمول جموں کشمیر میں تمام فوجی تنصیبات کو الرٹ کیا گیا ہے ۔سیکورٹی ذرائع نے یو این آئی کو بتایا کہ فوجی تنصیبات کے علاوہ ہوائی اڈوں کو بھی ہائی الرٹ پر رکھا گیا ہے ۔ انہوں نے بتایا ‘جموں، ادھم پور اور راجوری میں واقع ہوائی اڈے کو ہائی الرٹ پر رکھا گیا ہے جبکہ تمام اعلی عہدیداروں کو الرٹ رہنے کے لئے کہا گیا ہے ‘۔دفاعی ذرائع کے مطابق ہندوستان کے جنگی طیاروں نے منگل کی علی الصبح قریب ساڑھے تین بجے سرحد پار کرکے پاکستان کے صوبہ خیبر پختونخواہ کے بالاکوٹ علاقے میں کئی جنگجو ٹھکانوں کو نشانہ بناتے ہوئے ایک ہزار کلو گرام گولہ بارود گرایا جس کے نتیجے میں کئی ٹھکانے تباہ ہوئے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ بین الاقوامی سرحد اور لائن آف کنٹرول پرفضائی ڈیفنس سسٹم کو متحرک رکھا گیا ہے تاکہ کسی بھی جوابی کارروائی کو ناکام بنایا جاسکے ۔دریں اثنا پاکستان کے فوجی ترجمان میجر جنرل آصف غفور نے فضائی حملوں کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ ہندوستانی جنگی طیاروں نے منگل کی علی الصبح پاکستانی فضائی حدود کی خلاف ورزی کی۔انہوں نے ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ ہندوستان کے فضائی طیاروں کی خلاف ورزی کے خلاف فوری جوابی کارروائی کی گئی جس کے نتیجے میں حملہ آور طیاروں نے اپنا ‘پے لوڈ’ (جہاز پر موجود گولہ بارود) بالاکوٹ میں گرایا تاہم اس سے کوئی جانی یا مالی نقصان نہیں ہوا۔قابل ذکر ہے کہ پلوامہ خودکش دھماکے کے بعد دونوں ملکوں کے درمیان کشیدگی نقطہ عروج پر ہے ۔
فضائی حملہ : پونچھ میں سرحد پر کشیدگی
جموں۔ 26 فروری (سیاست ڈاٹ کام)پاکستان کے مقبوضہ کشمیر میں منگل کو علی الصبح ہندوستانی فضائیہ کے لڑاکا طیاروں کی کارروائی کے بعد جموں کشمیر کے ضلع پونچھ میں کنٹرول لائن پر پاکستانی فوج نے ہندوستانی فوجی چوکیوں کو نشانہ بنا کر بھاری گولہ باری کی۔